لاہور: وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ سی پیک بڑی گیند کا کیچ ہے، امکان نہیں کہ ڈراپ ہو جائے۔ اگر یہ بھی ڈراپ ہوا تو کوئی حال نہ ہو گا۔
ہم نیوز کے مطابق احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم نے ماضی میں بہت مواقع ضائع کئے تیسری بار موقع ملا ہے۔
ملکی ماضی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے دعوی کیا کہ معاشی ٹیک آف لیا تو 65 کی جنگ نے اقتصادی طور پر زمین بوس کردیا۔
احسن اقبال نے معاملے پر گفتگو جاری رکھتے ہوئے دعوی کیا کہ تیسرا چانس تو اللہ بھی نہیں دیتا ۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے پہلے دور میں سات فیصد گروتھ ریٹ حاصل کیا تو دو سالوں میں حکومت لپیٹ دی گئی۔
سابق آمروں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایوب، مشرف اور ضیاالحق کے ادوار میں مصنوعی خوشحالی پیدا کی گئی، جب جیو اسٹریٹجک تھیٹر استعمال کیا تو معیشت تباہ ہو گئی۔
ن لیگ کی موجودہ حکومت کے ابتدائی دنوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آئے تو دنیا نے ہمیں پتھروں کی دور میں رہنےوالی قوموں میں شمار کیا۔ اس وقت اتنی بجلی نہیں تھی کہ یو پی ایس چارج کرلیتے، اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی۔
پاکستان میں موجود وسائل کے ضیاع کے متعلق سرکاری حکام تصدیق کرتے رہے ہیں کہ یومیہ ایک ہزار ارب روپے کرپشن کی نظر ہو جاتے ہیں۔ سابق چئیرمین نیب کے اس اعترافی بیان کو پاکستانی معیشت کی زبوں حالی کے بنیادی اسباب میں سے ایک گنا جاتا ہے۔