53 پاکستانی قیدیوں کو رہا کر دیا گیا

فوٹو: فائل


دوحہ: قطر نے مختلف مقدمات میں دوحہ کی جیل میں قید 53 پاکستانیوں کو رہا کر دیا۔

ہم نیوز کے مطابق دوحہ کی مرکزی جیل میں پاکستانی قیدیوں کی رہائی کی باقاعدہ تقریب منعقد کی گئی۔

وزیر اعظم عمران خان نے اپنے دورہ قطر کے دوران امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کی درخواست کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں 700 پاکستانی قیدیوں کی رہائی پر وزیراعظم کا اظہار تشکر

واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے بھی 700 پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا تھا جس پر وزیر اعظم عمران خان نے عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زید کا ٹیلی فون پر شکریہ ادا کیا تھا۔

حکومت پاکستان یو اے ای سے 3500 پاکستانی قیدیوں کو رہا کرانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے جن میں سے 700 سو وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔ ابتدائی مرحلے میں ابوظہبی سے 262 ، عجمان سے 65، فجیرہ سے 62 اور شارجہ سے 52 قیدیوں کو پاکستان بھیجا جا چکا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل مئی میں بھی یو اے ای کی جانب سے 572 پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا گیا تھا جبکہ مئی میں ہی پاکستانی حکومت کی کوششوں سے ملائیشیا نے بھی 320 پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا تھا جو خصوصی  طیارے کے ذریعے پاکستان پہنچے تھے۔


متعلقہ خبریں