جنوبی پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت  مکمل کیا جائے،عثمان بزدار


لاہور: وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے متعلقہ اداروں اور حکام کو ہدایت کی ہے کہ ڈیرہ غازی خان سمیت جنوبی پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت  مکمل کیا جائے۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نہ یہ احکامات سول سیکرٹریٹ میں جنوبی پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کیلئے بلائے گئےاجلاس میں دیے۔

سردار عثمان بزدار  نے اس موقع پر  سڑکوں کے بعض منصوبوں میں تاخیر اور غیر معیاری مٹیریل کے استعمال پر اظہار برہمی بھی کیا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے  ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل نہ کرنے پر متعلقہ حکام کی سرزنش بھی  کی ۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے دوران کڑی مانیٹرنگ کریں،معیار اورشفافیت کو یقینی بنایا جائے۔فلاح عامہ کے منصوبوں میں کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

سردار عثمان احمد خان بزدار نے کہا کہ ڈی جی خان سمیت جنوبی پنجاب کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمے کیا کررہے ہیں،عوام کے مسائل حل کرنے پر فوری توجہ دی جائے۔

وزیرا علی پنجاب نے کہا کہ وسائل کا رخ پسماندہ علاقوں کی طرف کردیا ہے،کوئی رکاوٹ قابل برداشت نہیں ہے۔ صفائی کے مسائل کے حل کیلئے ضروری مشینری کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے۔

اجلاس میں ماڈل کیٹل مارکٹیوں کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔مختلف محکموں کی طرف سے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،سیکرٹری انڈسٹریز،سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ حکام  نے اجلاس میں شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیے: جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے دیگر جماعتوں سے رابطے کرینگے، شاہ محمود


متعلقہ خبریں