’چیئرمین سینیٹ کا جانا ٹھہر گیا‘



اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ ایوان بالا میں اپوزیشن کے ووٹ نہیں ٹوٹے اور چیئرمین سینیٹ کا جانا ٹھہر گیا ہے۔

ہم نیوز کےپروگرام’ندیم ملک لائیو‘ میں بات کرتے ہوئے ن لیگی رہنما نے کہا پاکستان تحریک انصاف کو 53 ووٹ چاہئیں جو ان کے پاس نہیں ہیں۔

چیئرمین سینیٹ کے سوال پر مصدق ملک نے کہا کہ ن لیگ کو ایوان بالا میں اکثریت حاصل ہے لیکن معلوم نہیں پی ٹی آئی کیوں کہہ رہی ہے کہ صادق سنجرانی نہیں جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی رویے کی وجہ سے ہمارا ان پر اعتماد ختم ہوچکا ہے کیوں کہ انہوں نے چند لوگوں کو چپ کرانے کے لیے پوری قانون سازی روک دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں مثبت کاوشوں کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاتی بلکہ اسے این آر او کا نام دیا جاتا ہے۔

ن لیگی رہنما نے طیارہ حادثے اور کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ انوکھی بات نہیں کیوں کہ ماضی میں جب بھی افغان مسئلہ حل کرنے کی کوشش کی گئی پاکستان میں بد امنی پھیلی۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں دھماکہ اور ایل او سی پر فائرنگ اس بات کا ثبوت ہے کچھ ممالک افغانستان میں امن نہیں چاہتے اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان  نے کہا کہ  ہم انسانوں کے ضمیر نہیں خریدتے، صادق سنجرانی کا گناہ غیرجانبداری ہے۔

حکومتی رہنما نے کہا کہ  چیئرمین سینیٹ اپنی سیٹ بچالیں گے کیوںکہ صادق سنجرانی نے اچھے طریقے سے ایوان چلایا اور جن لوگوں نے پہلے ووٹ دیا تھا وہ اب بھی دیں گے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما ناز بلوچ نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے کبھی بندے نہیں خریدے اور نہ کسی کرپٹ کو پارٹی میں جگہ دی یہ تو پاک لوگوں کی جماعت ہے۔

پی پی پی رہنما نے کہا کہ بین الاقوامی معاملات پر تمام سیاسی جماعتیں ایک صفحے پر ہوتی ہیں لیکن پارلیمنٹ میں جب ملکی مسائل کی بات ہوتی ہے تو حکومت کا اپوزیشن کے ساتھ سلوک اچھا نہیں ہوتا۔

کراچی میں بارش سے مسائل

میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ صوبائی حکومت کراچی کو نہ فنڈز دے رہی ہے اور نہ مشینری جس سے مسائل حل کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت میئر کو اختیارات منتقل کرنے اور مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نظر نہیں آتی۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بتایا کہ پورے شہر کا پانی نکالنے کے لیے صرف 12 پمپس ہیں اور صوبائی حکومت اختیارات منتقل نہیں کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو بہت زیادہ توجہ کی ضرورت ہے اور وزیراعظم میئر کراچی کو وسائل اور اختیارات دینے میں سنجیدہ ہیں۔


متعلقہ خبریں