سندھ حکومت نے عورت ایپ متعارف کرا دی

سندھ حکومت نے عورت ایپ متعارف کرا دی

کراچی: سندھ حکومت نے صوبے میں عورتوں کے تحفظ اور ان کے حقوق کے لیے عورت ایپ اور ویپ پورٹل لانچ کر دی۔

سندھ کی وزیر برائے حقوق نسواں سید شہلا رضا نے عورت ایپ کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے عورت پر گھریلو تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے عورت ایپ متعارف کرائی ہے جس کی وجہ سے خواتین کو اپنے اوپر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کے تحفظ کے لیے اقدامات کر رہی ہے جبکہ سندھ کے محکمہ حقوق نسواں کے زیر اہتمام 16 خواتین کے تحفظ کے ادارے کام کر رہے ہیں اور خواتین پر تشدد کے حوالے سے ہیلپ لائن 1094 بھی متعارف کرا دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں اداکارہ حمائمہ ملک بھی گھریلو تشدد پر بول پڑیں

شہلا رضا نے کہا کہ خواتین کے تحفظ کے لیے قائم کردہ سیل میں ہر مہینے 25 سے 30 واقعات رجسٹرد ہوتے ہیں۔

صوبائی وزیر نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں چاہتی ہوں سندھ کے تمام 29 اضلاع میں خواتین کے تحفظ کے لیے سیل قائم کیے جائیں تاہم نوکریوں پر پابندی کے باعث ایسا ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کے تحفظ کے لیے مختلف قوانین موجود ہیں جبکہ کچھ نئے قوانین بھی جلد منظور کرا لیے جائیں گے۔ صوبے میں خواتین کو ان کے حقوق سے متعلق آگاہی فراہم کرنے اور تشدد کے خلاف آگاہی پروگرام کا انعقاد ہوتا رہتا ہے۔


متعلقہ خبریں