پنجاب کے اساتذہ کا ڈیٹا اب آن لائن دستیاب ہو گا

پنجاب میں اساتذہ کا ڈیٹا آن لائن محفوظ کرنے کا فیصلہ

لاہور: اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ پنجاب نے کاغذوں سے نکل کر ٹیکنالوجی پر جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس ضمن میں محکمے کے تمام اساتذہ اور ملازمین کا ڈیٹا آن لائن کرنے کے لیے پورٹل بھی تیار کر لیا گیا ہے۔

ریکارڈ محفوظ کرنے کے لیے طریقہ کار کی اس تبدیلی کے بعد محکمے کے ملازمین اور اساتذہ کی تعیناتی سے ریٹائرمنٹ، سروس ریکارڈ، تبادلوں اور سنیارٹی کا سارا ڈیٹا آن لائن دستیاب ہو گا۔

سالانہ اور دیگر چھٹیوں، ترقی اور انکوائری کا ریکارڈ بھی آن لائن مرتب ہو گا جس سے اساتذہ اور ملازمین محکمے کے چکر لگانے کے بجائے سب کام ایک کلک کے ذریعے کر سکیں گے۔

اس عمل کی جلد از جلد تکمیل کے لیے محکمہ اسکول ایجوکیشن نے اساتذہ اور ملازمین کو ذاتی ریکارڈ ہیومن ریسورس پورٹل پر جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے، اس ضمن میں مراسلہ بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔

مراسلہ کے مطابق تمام اساتذہ کو 10 اگست تک اپنا ریکارڈ پورٹل پر اپ لوڈ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ اسکولوں کے سربراہان 15 اگست تک اپنے متعلقہ اسکول کے اساتذہ کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کریں گے۔

جانچ پڑتال کے بعد آن لائن ہی ڈیٹا درست ہونے کا سرٹیفیکیٹ جمع کرایا جائے گا۔ ڈیٹا اور اس تمام عمل کی شفافیت کی نگرانی ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی اور چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) کریں گے۔ معلومات کے غلط اندراج کی صورت میں استاد سمیت پڑتال کرنے والوں کےخلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔

صوبوں کے تمام اسکولز اور افسران کو 31 اگست تک معلومات کی فراہمی اور پڑتال کی ڈیڈلائن دے دی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں