‘اسامہ بن لادن کی موجودگی سے متعلق عمران خان کا دعویٰ درست نہیں’

’وزیراعظم کی زبان پھسل گئی تھی‘

فائل فوٹو


اسلام آباد:  امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سابق ڈائریکٹر ڈیوڈ پیٹریاس نے وزیراعظم عمران خان کے اسامہ بن لادن کی موجودگی سے متعلق بیان کی تردید کر دی ہے۔

باراک اوبامہ کے دور حکومت میں سی آئی اے کے سربراہ رہنے والے ڈیوڈ پٹریاس نے کہا کہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی انٹر سروس انٹیلی جنس(آئی ایس آئی) القاعدہ کمانڈراسامہ بن لادن کی ایبٹ آباد میں موجودگی سے لا علم تھی۔

نیویارک میں ایک تقریب کے دوران سابق سی آئی اے ڈائریکٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی ایس آئی کو ایبٹ آباد میں امریکی کمانڈوز کے آپریشن کا بھی نہیں پتہ تھا اور وہ یہ بھی نہیں جانتے تھے کہ اسامہ پاکستان میں روپوش ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے حالیہ دورہ امریکہ کے دوران چینل فوکس نیوز کو ایک انٹر ویو میں بتایا تھا کہ آئی ایس آئی نے سی آئی اے کو اسامہ بن لادن کی موجودگی کا سرا دیا تھا۔

اس بیان سے قبل پاکستانی حکومت کہتی رہی ہے کہ وہ  القاعدہ رہنما کی ایبٹ آباد میں موجودگی سے مکمل لا علم تھی۔

ڈیوڈ پیٹریاس 6 ستمبر 2011 کو سی آئی اے کے ڈائریکٹر تعینات ہوئے تھے اور اس عہدے سے 9 نومبر 2012 کو مستعفی ہوئے۔

سی آئی اے نے جب ایبٹ آباد آپریشن کیا اس وقت لیون پینٹا ایجنسی کی سربراہی کر رہے تھے اور اس کے بعد امریکی صدر نے لیون پینٹا کو وزیردفاع بنا دیا تھا۔


متعلقہ خبریں