’ہر لاپتہ فرد کی گمشدگی کو ریاست سے منسوب نہیں کیا جاسکتا‘


راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ ہر لاپتہ فرد کی گمشدگی کو ریاست سے منسوب نہیں کیا جاسکتا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میجر جنرل آصف غفور سے دفاع انسانی حقوق تنظیم کی چیئرپرسن آمنہ مسعود جنجوعہ کی ملاقات ہوئی جس کے دوران لاپتہ افراد کے امور پر گفتگو کی گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس حوالے سے حکومت اور سیکیورٹی فورسز کی کاوشوں سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ یاد رکھیں ہر لاپتہ فرد کو ریاست سے منسوب نہیں کیا جا سکتا، ریاست کے پاس موجود افراد کے ساتھ قانون کے تحت معاملات آگے بڑھ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بیشتر افراد آج بھی کالعدم ٹی ٹی پی اور شورش زدہ علاقوں میں موجود ہیں جبکہ بہت سے ریاست پاکستان کیخلاف لڑتے ہوئے مارے گئے۔

انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کے معاملے قائم جوڈیشل کمیشن شب و روز کام کر رہا ہے جبکہ جی ایچ کیو میں بھی معاملے پر خصوصی سیل قائم ہے۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بحیثیت پاکستانی ہمارے دل لاپتہ افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آمنہ مسعود جنجوعہ نے ریاست اور سیکیورٹی فورسز کی کاوشوں کا ادراک کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاست اور سیکیورٹی فورسز کے تعاون پر شکر گزار ہیں، متاثرہ خاندانوں کے جذبات کو ریاست مخالف قوتوں کے ہاتھوں استعمال نہیں ہونے دیں گے۔


متعلقہ خبریں