لاہور: علامہ اقبال ائرپورٹ کا واحد اسکینر دوسال سے خراب

لاہور: علامہ اقبال ائرپورٹ کا واحد اسکینر دوسال سے خراب

فائل فوٹو


لاہور: علامہ اقبال ائرپورٹ پر گاڑیوں کو چیک کرنے کیلئے نصب کیا گیا واحد اسکینر گزشتہ دو سال سے خراب ہے۔

ائر پورٹ پرآج ہونے والے قتل کی واردات کے بعد ہوابازی ڈویژن کو ارسال کی گئی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ اسکینر کی مدد سے گاڑیوں کی تلاشی لی جاتی تھی وہ خراب ہے  اور گزشتہ دو سال سےگاڑیوں کی تلاشی عمل رکا ہوا ہے۔

ائرپورٹ سیکیورٹی فورس(اے ایس ایف) نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ دو سال سے ہر ماہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کو اس بارے آگاہ کیا جاتا رہا لیکن اسکینر ٹھیک نہیں کرایا گیا۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پارکنگ ایریا میں جانے والی گاڑیوں کو چیک کرنے کیلیے کوئی اسکینر نہیں ہے اور خراب اسکینر کی انسپیکشن کیلئے آج ہی جاپان سے ٹیم لاہور پہنچی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: ائرپورٹ کے لاؤنج میں فائرنگ، دو افراد جاں بحق

اے ایس ایف نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے اور یہ پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ ملزمان ائرپورٹ میں کیسے داخل ہوئے۔

علامہ اقبال ائرپورٹ پر ہونے والے قتل کی تفتیش کے لیے کراچی سے خصوصی ٹیم لاہور پہنچ گئی ہے۔ اعلیٰ افسران پر مشتمل ٹیم جائے حادثہ کا دورہ کرنے کے بعد اپنی مفصل رپورٹ وزارت ہوابازی کو ارسال کرے گی۔

یاد رہے کہ بدھ کی صبح لاہور کے علامہ اقبال ائر پورٹ پر عمرے سے واپس آنے والے زین اور نفیس کو گولیاں مار کر قتل کردیا تھا۔

قتل میں ملوث ملزمان ارشد اور شان نے پولیس کے سامنے اعتراف جرم کر لیا ہے اور بھی بتایا کہ وہ خواتین کی مدد سے اسلحلہ اندر لے گئے تھے۔

ابتدائی طور پر پولیس نے قتل کی واردات کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا ہے اور یہ بھی بتایا ہے کہ ملزمان اس سے پہلے بھی متعدد مقدمات میں نامزد تھے۔


متعلقہ خبریں