آئی ایم ایف پاکستان کیلئے قرض پروگرام کی منظوری کا حتمی فیصلہ آج کریگا



عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف )کی طرف سے پاکستان کے لیے قرض پروگرام کی منظوری کا حتمی فیصلہ آج ہو گا ۔

آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو تین سال کے لیے چھ ارب ڈالر کا قرضہ ملے گا ۔پاکستان نے اسٹاف لیول کے مذاکرات میں طے پانے والی پیشگی شرائط پوری کر دی ہیں ۔

پاکستان معاشی مشکلات میں گھرا تو  دوست ملکوں سے مدد  کے ساتھ ساتھ آئی ایم ایف کا در بھی کھٹکھٹایا گیا۔ عالمی مالیاتی ادارے کی طرف سے قرض کے حصول کی اہم گھڑی آن پہنچی ہے ۔ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس واشنگٹن میں ہو رہا ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ آئی ایم ایف کے آج ہونے والے اہم اجلاس میں پاکستان کیلئے تین سالہ قرضہ پروگرام دینے یا نہ دینے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا ۔

آئی ایم ایف بورڈ سے منظوری کی صورت میں 50 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط رواں ماہ جاری ہونے کی توقع ہے ۔

حکومت پاکستان نے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرکے  آئی ایم ایف کی شرط پوری کردی ہے۔ اسی طرح حکومی اخراجات میں کمی اور آمدنی بڑھانے پراقدامات کی طرف بھی پاکستان نے پیش رفت کی ہے ۔

آئی ایم ایف کی شرائط میں شامل ٹیکس رعایتیں ختم کرنے اور ٹیکس اصلاحات کے لیے اہم اقدامات بھی کیے جارہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ کی شرائط پوری کرنے کے بعد حکومت کو ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے پروگرام کی منظوری کی قوی امید ہے ۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اگلے ماہ معاہدے پر دستخط کا امکان

پاکستان کو 6 ارب ڈالر 39 ماہ میں قسطوں میں جاری ہوں گے۔پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان قرضے کی فراہمی کا معاہدہ بارہ مئی کو ہوا تھا ۔

آئی ایم ایف وفد ہر تین ماہ بعد دورہ پاکستان کے دوران ملک کے معاشی اعشاریے کا جائزہ لے گا ۔


متعلقہ خبریں