پوائنٹس ٹیبل: افغانستان کو ہرا کر پاکستان کا چوتھا نمبر


لیڈز: پاکستان کرکٹ ٹیم نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن حاصل کرلی۔

پاکستانی ٹیمیں روایتی انداز میں بظاہر ایک آسان میچ کو مشکل بناتے ہوئے افغانستان کے خلاف کامیابی حاصل کی تاہم اس میچ سے ملنے والے دو قیمتی پوائنٹس نے گرین شرٹس کے سیمی فائنل تک پہنچنے کے امکانات روشن کردیے ہیں۔

میچ سے قبل چھٹی پوزیشن پر براجمان گرین شرٹس نے دو درجہ ترقی کرکے چوتھی پوزیشن حاصل کرلی اور اس کے پوائنٹس کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔

اب ٹیم انتظامیہ کی نظر کل انگلینڈ اور بھارت کے درمیان میچ پر ہو گی۔ بھارت کی جیت کی صورت میں اس بات کے قوی امکانات ہوں گے کہ پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچے۔

پوائنٹس ٹیبل پر نظر دوڑائیں تو آسٹریلیا کی 14 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ بھارت کی 11 پوائنٹس کے ساتھ دوسرا نمبر ہے۔

اسی طرح نیوزی لینڈ کی ٹیم تیسرے، پاکستان چوتھے جبکہ میزبان انگلینڈ کی ٹیم پانچویں نمبر پر براجمان ہے۔

انگلینڈ کے لیے ٹورنامنٹ میں ’کرو یا مرو‘ کی صورت حاصل آچکی ہے اور اس کی دونوں میچز مشکل حریفوں یعنی بھارت اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہیں۔

اگر میزبان ٹیم ایک بھی میچ ہارجاتی ہے تو اس کا سیمی فائنل تک پہنچنا بہت مشکل ہوجائے گا۔

پوائنٹس ٹیبل پر بنگلہ دیش کی ٹیم چھٹے اور سری لنکا ساتویں نمبر پر ہے۔

جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور افغانستان کی ٹیمیں آٹھویں، نویں اور دسویں نمبر پر ہیں تاہم یہ سب سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہیں۔


متعلقہ خبریں