سیلابی ریلوں سے پنجاب اور بلوچستان میں تباہی


بلوچستان اور پنجاب میں موسلادھار بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، دریائے جہلم میں طغیانی کے باعث درجنوں دیہات زیرِآب آگئے۔

لسبیلہ کے پہاڑی علاقوں میں طغیانی سے دو گاڑیاں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔ محکمہ موسمیات نےآئندہ 24 گھنٹوں کے دوران قلات ،سرگودھا ڈویژن اور کشمیر میں تیزآندھی کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کردی ہے۔

پنجاب کے اکثرعلاقوں میں باران رحمت شہریوں کے لیے زحمت بن گئی۔ موسلادھار بارشوں سے دریائے جہلم میں طغیانی آگئی جس سے سرگودھا کی تحصیل، بھیرہ ، شاہپور ، ساہیوال اور سلانوالی کے درجنوں دیہات زیر آب آگئے۔

بھیرہ چھانٹ، کولیاں، کدھ لتھی، ڈھل، چک مبارک، بونگہ سرخرو، ڈھوڈیاں شریف میں سیلابی صورت حال ہے، علاقہ مکین محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کرچکے ہیں۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث زرعی فصلیں اور مال مویشی بھی متاثر ہوئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے فلڈ وارننگ تو جاری کی  لیکن سیلاب سے متاثرہ دیہات میں اب تک کوئی امدادی ٹیم نہیں پہنچ سکی۔ لوگ اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

بلوچستان میں بھی موسلادھار بارشوں سے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے ۔ لسبیلہ کے پہاڑی علاقوں میں دو گاڑیاں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں، سیرو تفریح کے لے آنے والے بھی سیلابی ریلے میں پھنس گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:سخی سرور میں موسلادھار بارش، سیلابی ریلا آبادی میں داخل

ہرنائی میں بارش سے سروتی بند کا ایک حصہ سیلاب میں بہہ گیا جسکی وجہ سے متعدد دیہات زیرآب آگئے ہیں۔


متعلقہ خبریں