نئی دہلی: بھارتی ریاست ہما چل پردیش میں بس گہری کھائی میں گرنے سے 32 افراد ہلاک، 30 زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثہ ہما چل پردیش کے ضلع کولو کے بنجار مقام پر پیش آیا جب ایک مسافروں سے بھری نجی بس پہاڑ سے 5 سو فٹ گہری کھائی میں جا گری۔
کولو کے سپریٹنڈنٹ آف پولیس کے مطابق بس کولو سے گدا گھوشینی جا رہی تھی، مقامی وقت کے مطابق حادثہ شام کو ساڑھے چار بجے بنجار ٹاؤن سے دو کلو میٹر دور ڈوتھ موڑ پر اس وقت پیش آیا جب ڈرائیور موڑ کاٹتے ہوئے گاڑی قابو میں نہیں رکھ سکا۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بس حادثہ پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ حادثہ میں زخمی افراد جلد صحت یاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہما چل حکومت تمام سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
Deeply saddened by the bus accident in Kullu. Condolences to the families of those who lost their lives. I hope the injured recover soon. The Himachal Pradesh Government is providing all possible assistance that is required: PM @narendramodi
— PMO India (@PMOIndia) June 20, 2019
سرکاری اہلکار کے مطابق بس میں زیادہ تر اسکول اور کالج کے طلبا تھے جو اپنے گھروں کو واپس جا رہے تھے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی بنجار اسپتال جبکہ شدید زخمیوں کو کولو ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں بھارت کے دو جنگی طیارے آپس میں ٹکرا گئے
کولو پولیس افسر نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت کی جا رہی ہے جبکہ کچھ زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔
عینی شاہد نے بتایا کہ جس مقام پر بس کو حادثہ پیش آیا وہاں سے حفاظتی باڑ غائب تھی۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق حادثے کے فوری بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو بس سے نکالا جبکہ متاثرہ علاقے میں اس سے قبل بھی کئی خطرناک حادثے ہو چکے ہیں۔