اسحاق ڈار کی برطانوی وزارت داخلہ آمد

اسحاق ڈار کی برطانوی وزارت داخلہ آمد

فوٹو: فائل


لندن: سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار برطانیہ کے وزارت داخلہ میں کئی گھنٹے موجود رہے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ نون کے رہنما اسحاق ڈار وزارت داخلہ کے کروڈن کی عمارت میں انٹرویو کے لیے صبح 9 بجے پہنچے تھے جو کئی گھنٹے تک وہیں موجود رہے۔

اسحاق دار کے صاحبزادے علی ڈار نے اسحاق ڈار کی وزارت داخلہ کے پاس جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں میڈیا ٹرائل کی وجہ سے وہاں گئے۔

واضح رہے کہ اسحاق ڈار اکتوبر 2018 میں بھی وزارت داخلہ لندن میں دیکھے گئے تھے جہاں انہوں نے سیکیورٹی گارڈ کے ساتھ تصویر بھی بنوائی تھی تاہم اسحاق ڈار کے خاندانی ذرائع نے اُن کے سیاسی پناہ کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے اسٹیٹ لیس ہونے کے بارے میں آگاہ کرنے گئے تھے۔

گزشتہ ماہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا تھا کہ برطانیہ نے اسحاق ڈار کو پاکستان کے حوالے کرنا فیصلہ کر لیا ہے جس کے لیے ایم او یو پر دستخط کر لیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں اسحاق ڈارکے اثاثے 1992 سے 2008 تک 91 گنا  بڑھے، واجد ضیاکا عدالتی بیان

یاد رہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نیب ریفرنس زیر سماعت ہے اور وہ پاناما کیس کے فیصلے کے کچھ عرصے بعد علاج کی غرض سے لندن چلے گئے تھے جس کے بعد وطن واپس نہیں آئے۔

سپریم کورٹ کی ہدایت پر حکومت کی جانب سے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا پاسپورٹ منسوخ کر دیا گیا تھا اور وہ بغیر پاسپورٹ کے برطانیہ میں رہ رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں