اپوزیشن کس بنیاد پر بجٹ کو عوام دشمن قرار دے رہی ہے؟ فردوس عاشق

فردوس عاشق اعوان کیخلاف نازیبا الفاظ، مقدمے کیلئے درخواست دائر

فائل فوٹو


وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ اپوزیشن اراکین نے نہ تو بجٹ سنا اور نہ ہی پڑھا،پھر کس بنیاد پر اسے عوام دشمن قرار دے رہے ہیں؟ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچانے والے اب عوام کا مزید تیل کیوں نکالنا چاہتے ہیں ؟

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں انتخابات میں شکست خوردہ مولانا کی خدمات لے رہی ہیں۔اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ عوام ان کے ساتھ نہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اورپاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا نام لیے بغیر کہا کہ  نومولود سیاستدان سیاسی بلوغت سے عاری ہیں۔ انہیں ادراک نہیں یہ بجٹ سندھ سمیت تمام صوبوں کے عوام کے حقوق کے تحفظ کا بھی ضامن ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن ان کی عداوت میں سندھ کے عوام سے دشمنی نہ کرے۔تحریک انصاف کی حکومت نے ماضی کے مقابلے میں تقریبا 200 ارب روپے سندھ کے لئے اضافی رکھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال میں این ایف سی کے تحت 616 ارب روپے کے مقابلے میں رواں مالی سال میں سندھ کے لیے 815 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ یہ حکومت کا وفاق پاکستان کی اکائیوں کو اہمیت دینے کا ثبوت ہے۔ وفاقی بجٹ میں بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع کی ترقی کو خاص ترجیح دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: بجٹ پر سیاست کرکے آئین کا راستہ روکا جارہا ہے، فردوس عاشق

چارٹر طیاروں میں گھومنے والے عوامی مسائل سے ناواقف ہیں، فردوس عاشق

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بجٹ منظور نہ ہونے دینے کا اعلان کرنے والے وفاق اور صوبوں کی ترقی کے ساتھ سنجیدہ نہیں ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے سیکرٹری جنرل چوہدری منظور احمد نے کہا ہے کہ حکومت ڈالر اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کو واپس لے لے ہم احتجاج نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ  بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو پیش کش کی ہے کہ انہیں اور ان کے ساتھی رہنماوں کو گرفتا کر لیا جائے مگر قیمتوں میں اضافہ واپس لے لیا جائے۔اس حکومت نے تنخواہ دار طبقے کی تین تنخواہیں چھین لی ہیں۔

چوہدری منظورنے کہا ہے کہ  زراعت کو تباہ کر دیا گیا ہے، پیپلز پارٹی کیسے خاموش رہ سکتی ہے؟بجٹ پاس کروانا حکومت کی ذمہ داری ہے اپوزیشن کہ نہیں۔  حکومت پارلیمنٹ میں اپنی اکثریت ثابت کرنے کے لیے اپوزیشن رہنماؤں کو گرفتار کررہی ہے۔

اپوزیشن جماعت پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ  حکومت کے اتحادی ناراض، پی ٹی آئی کے منتخب نمائندے ناراض اورپارلیمنٹ میں  حکومت کی عددی پوزیشن خراب ہو چکی ہے۔


متعلقہ خبریں