اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو خط لکھ دیا جس میں انہوں نے بھارتی وزیر اعظم کو دوبارہ وزارت عظمٰی کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی۔
سفارتی ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ پاکستان خطہ میں امن کا خواہاں ہے، امن و استحکام سے ہی خطے میں ترقی آسکتی ہے۔
خط میں عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیر سمیت تمام مسائل کا حل چاہتا ہے، ترقی کیلئے ایک ساتھ کام کرنا ضروری ہے۔
مزید پڑھیں: مودی کی حلف برداری میں’ہمسائے پہلے‘ لیکن عمران خان باہر
پاکستانی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خطہ میں ترقی کیلئے ایک دوسرے کا احترام ضروری ہے جبکہ مذاکرات کے ذریعے ہی دونوں ممالک کے عوام کو غربت، افلاس اور دیگر مسائل سے نکالا جا سکتا ہے۔
خط میں پاکستانی وزیراعظم نے مزید کہا کہ آگے بڑھے کیلئے مشترکہ طور پر خطہ میں امن و استحاکام ضروری ہے۔
اس سے قبل بھارتی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے کامیابی کے بعد وزیراعظم عمران خان نے نریندر مودی کو فون کرکے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: مودی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں، وزیراعظم
28 مئی کو یہ خبر منظر عام پر آئی تھی کہ عمران خان اور نریندر مودی کی 13 اور 14 جون کو کرغزستان میں ملاقات متوقع ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شنگھائی تعاون کونسل کے اجلاس کی سائیڈ لائنز پر پاک بھارت وزرائے اعظم ملاقات ہوسکتی ہے۔
کونسل کا اجلاس 13 اور 14 جون کو کرغزستان میں ہوگا جس میں چین اور روس کے صدور بھی شرکت کریں گے۔