حسن علی نے مکی آرتھر کے حوالے سے بڑی بات کر دی


قومی ٹیم کے تیز گیند باز حسن علی نے عالمی کپ 2019 میں انگلینڈ جیسی مضبوط ٹیم سے جیت کا سہرا کوچ مکی آرتھر کو دے دیا۔

کل کے میچ سے قبل پاکستانی ٹیم کو گزشتہ گیارہ ون ڈے میچز میں لگاتار شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس میں ورلڈ کپ کی میزبان اور فیورٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بھی 0-4 سے شکست شامل ہے۔

عالمی کپ کے وارم اپ میچ میں افغانستان سے شکست اور بعد ازاں ورلڈکپ کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 105 رنز پر ڈھیر ہونے والی ٹیم کا مورال گر چکا تھا۔

تاہم سوموار کے روز انگلینڈ جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف 348 رنز کا پہاڑ کھڑا کر کے میچ جیتنے والی سرفراز الیون نے ناقدین کے منہ بند کر دیئے۔

اس حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے گیند باز حسن علی نے کہا ہے کہ ’’ گیارہ لگاتار شکستوں سے دل برداشتہ تھے تاہم ہمیں اپنی صلاحیتوں پر اعتماد تھا۔‘‘

انہوں نے کہا ’’ہماری ٹیم کو ایک اچھے آغاز کی ضرورت تھی اور وہ ہمیں انگلینڈ کے خلاف میچ جیت کر حاصل ہو گیا، مگر ایک بات جو بہت اہم ہے وہ ہمارے کوچ مکی آرتھر کی سپورٹ ہے جو ہمیں ہمیشہ حاصل رہی ہے اور جس سے ہمارے اعتماد میں اضافہ ہوا۔‘‘

نوٹنگھم کے میدان پر پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لئے بڑی تعداد میں شائقین کرکٹ نے گراؤنڈ کا رخ کیا تھا، اس حوالے سے حسن علی نے کہا کہ ’’ ایسا لگا جیسے ہم اپنے گھر میں میچ کھیل رہے ہوں۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’’2016 سے لے کر 2019 تک میں نے جب بھی اس میدان میں میچ کھیلا ہے، گھر جیسا ماحول ہی ملا ہے، یہاں بہت ساری پاکستانی برادری بستی ہے جو ہمیشہ ہمیں سپورٹ کرتی آئی ہے۔‘‘


متعلقہ خبریں