سعودی حکومت کے تعاون سے معیشت بہتر ہوئی، عمران خان

کشمیر کی صورتحال، عمران خان کا سعودی ولی عہد سے ٹیلیفونک رابطہ

فوٹو: فائل


ریاض: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سعودی حکومت کے تعاون سے پاکستان کی معیشت بہتر ہوئی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات ہوئی۔ سعودی ولی عہد نے وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کا خیر مقدم کیا اور وزیر اعظم نے سعودی عرب کی روایتی مہمان نوازی پر محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔

عمران خان نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی میزبانی پر سعودی علی عہد کو مبارکباد دی۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ سیاسی، اقتصادی اور تجارتی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان میں ہونے والے فیصلوں پر جلد عملدر آمد پر بھی اتفاق کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس

سپریم کو آرڈی نیشن کونسل اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر بھی تیز عملدر آمد پر اتفاق کے علاوہ باہمی مفاد کے تمام امور پر تواتر سے خیالات کے تبادلوں پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے تیل کی مؤخر ادائیگی کی سہولت دینے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے برادرانہ اقدام سے کمزور پاکستانی معیشت بہتر ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان دو روز قبل اسلام ممالک کی تنظیم او آئی سی کے 14 ویں سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب روانہ ہوئے تھے جبکہ وزیر اعظم نے اپنے دورے کے دوران روضہ رسولﷺ پر بھی حاضری دی تھی۔

اس دوران  وزیراعظم عمران خان کی افغان صدر اشرف غنی اور مصر کے صدرعبدالفتح السیسی سے اہم ملاقات ہوئی جس میں امت مسلمہ کو درپیش مسائل اور خطے میں امن کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

حکومت پاکستان کی طرف سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق عمران خان اور اشرف غنی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں وزیر اعظم نے  پرامن اور مستحکم افغانستان کے عزم کو دہرایا۔


متعلقہ خبریں