بلاول ہاؤس کراچی: نیب راولپنڈی کا نوٹس وصول کرنےسے انکار

دیہاڑی دار مزدور کی نیب میں طلبی

فائل فوٹو


اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی رہائش گاہ ’بلاول ہاؤس کراچی‘ پہ نیب راولپنڈی کی جانب سے بھیجا جانے والا طلبی کا نوٹس وصول کرنے سے انکارکردیا گیا۔

ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ نیب راولپنڈی کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کو طلبی کا نوٹس بھیجا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق بھیجے جانے والے نوٹس کے مطابق انہیں 24 مئی کو طلب کیا گیا تھا۔

نیب نے بلاول بھٹو کو پارک لین کیس میں طلبی کا نوٹس بلاول ہاؤس کراچی بھیجا تھا۔ نوٹس 17 مئی کو قواعد و ضوابط کے مطابق 17 مئی کو کوریئر کمپنی کے ذریعے بھیجا گیا تھا۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ بلاول ہاؤس کراچی پہ 20 مئی کے دن کوریئر کمپنی کا ملازم جب نوٹس لے کر پہنچا تو وہاں موجود افراد نے نوٹس کی وصولی سے انکار کردیا۔

سابق صدرپاکستان آصف علی زرداری نے  گزشتہ روز ہی چیئرمین نیب کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کا عہدہ ان کو انٹرویو دینے کی اجازت نہیں دیتا ہے لہذا ہم ان کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ 80 سال کے بوڑھوں کو عدالت میں لایا جارہا ہے۔ ان کا مؤقف تھا کہ قانون کہتا ہے کہ ملزم عدالت کا پسندیدہ بچہ ہوتا ہے۔

ان کا استفسار تھا کہ بوڑھوں کو جیلوں میں ڈالو اورمعیشت بھی چلاؤ؟ تو پھر کیسے چلے گا؟

سابق صدرپاکستان آصف علی زرداری سے جب استفسار کیا گیا کہ کیا نیب کیسز میں شرکت سے بائیکاٹ پر غور کر رہے ہیں؟ تو انہوں نے کہا کہ نیب کا بائیکاٹ نہیں کریں گے لیکن نیب کو تھکائیں گے۔

پی پی پی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ بائیکاٹ کریں گے تو کہا جائے گا کہ  قانون کا احترام نہیں کیا جا رہا ہے۔

مشیر اطلاعات سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی بلاول بھٹو زرداری کو نوٹس جاری ہونے کی تردید کی ہے۔

بیرسٹر مرتضی وہاب کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو نیب کی جانب سے کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔نیب کا نوٹس بلاول ہاؤس کے عملہ نے موصول نہیں کیا، سختی سے تردید کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قانونی راستہ اختیار کیا ہے۔جب بھی نوٹس موصول ہوگا ، ماضی کی طرح تعمیل کریں گے۔ ابھی تک چیئرمین پیپلز پارٹی کو باضابطہ کوئی نوٹس نہیں ملا۔ اگر کوئی نوٹس ہے تو بھلے سوشل میڈیا کے ذریعے مشتہر کیا جائے ۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئین اور قانون کی پاسداری کی ہے۔


متعلقہ خبریں