شرقپور شریف میں ٹیچر کا طالبہ پر بدترین تشدد، ویڈیو وائرل


شرقپورشریف: شرقپورشریف میں ٹیچر نے تیسری جماعت کی طالبہ کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

ٹیچر نے بچی کو درخت سے اُلٹا لٹکا دیا اور اسے بری طرح مارتی رہی، واقعے کی ویڈیو شوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ویڈیو منظر عام پر آںے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمہ کو گرفتار کر لیا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول موضع ملی والہ کی ٹیچر رفقہ نے سبق یاد نہ ہونے پر طالبہ نورین رمضان پر تشدد کیا۔

واضح رہے کہ ایک ماہ قبل بھی ایسا ہی ایک کیس منظر عام پر آیا تھا جس میں گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول کریم پورہ ایبٹ آباد کی ٹیچر نے بچی کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا تاہم اسے معطل کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: اسکول میں استاد کا بچے پر تشدد، مقدمہ درج 

اس واقعہ کی بھی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی جس میں دیکھا جاسکتا تھا کہ ٹیچر بچی کو بالوں سے پکڑ کر کھینچ رہی تھی۔

فی میل ڈی ای او نے غلط بیانی سے کام لیتے ہوئے کہا تھا کہ  بچی پر تشدد کرنے والی اس کی ماں ہے۔

مشیر تعلیم خیبرپختونخوا(کے پی) ضیاء اللہ خان بنگش نے بتایا تھا کہ فی میل ڈی ای او اور اسکول ٹیچر کو معطل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ اسکول میں بچوں پر تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اس سے قبل بھی ملتان اور لاہور میں آنے والے اسی طرح کے واقعہ نے سب کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔

صوبے پنجاب کے شہر ملتان اور لاہور میں اساتذہ کے تشدد سے ایک طالبعلم ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا تھا۔ ایک واقعہ لاہور کے مدرسے جبکہ دوسرا واقعہ ملتان کے سرکاری اسکول میں پیش آیا تھا۔

ہم نیوزکے مطابق لاہورمیں استاد کے مبینہ تشدد سے جاں بحق بچے کے ورثا نے لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا تھا۔

مظاہرین کا کہنا تھا انصاف نہ ملا تو دوبارہ سڑکوں پر آئیں گے۔ جس کے بعد ایس پی کینٹ نے واقعے کا نوٹس لے لیا تھا۔

باغبان پورہ کے ایک مدرسے میں زیرتعلیم ضلع گجرات کے جنید کے والدین اور رشتہ دار احتجاج کے لیے پریس کلب کے باہر پہنچے تھے اور سات سالہ طالب علم کی لاش سڑک پر رکھ کر شدید نعرے بازی کی تھی۔


متعلقہ خبریں