پھلوں کا بادشاہ آم ایکسپورٹ کے لیے تیار


کراچی : گرمی شروع ہوکر اپنے جوبن تک پہنچ جائے اور  پھلوں کا بادشاہ آم مارکیٹ میں نظر نہ آئے یہ بھلا کیسے ممکن ہے ؟ رواں سیزن میں سندھ کے باغات میں پھلوں کے بادشاہ آم کی کئی اقسام پک کر تیار ہوچکی ہیں جبکہ پنجاب کے باغات میں بھی آم کی کئی قسمیں برداشت کے لیے تیار ہیں۔

اس مرتبہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث خلاف توقع آم پاکستان کے چھوٹے بڑے شہروں میں شاذونادر ہی دکھائی دے رہاہے لیکن اسکے باوجود برآمد کنندگان پھلوں کے بادشاہ کو برآمد کرنے کے لیے تیار ہوچکے ہیں۔

آل پاکستان ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق رواں سیزن میں پھلوں کے بادشاہ آم کی برآمدات کا آغاز 20 مئی سے ہوگا۔

آل پاکستان ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سرپرست وحید احمد کا کہنا ہے کہ اسں سیزن  میں لگ بھگ ایک لاکھ ٹن آم برآمد ہوگا۔ ملک میں آم کی پیداوارکی اوسطا شرح  18 لاکھ ٹن رہی ہے۔ تاہم اس سال موسمی تبدیلی کی وجہ سے پیداوار میں 30 فیصد کمی کا سامنا ہے۔

وحید احمد کے مطابق سندھ اور پنجاب میں بارشوں سے آم کی پیداوار 12 لاکھ ٹن رہنے کی امید ہے۔

وحید احمد نے ہم نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ گذشتہ سال 75 ہزار ٹن آم برآمد کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ رواں سیزن میں ایک لاکھ ٹن آم کی برآمد سےملک کو  8 کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہونے کی توقع ہے ۔

وحید احمد کے مطابق پاکستان سے زیادہ تر آم سمندری راستے سے برآمد کیا جاتا ہے۔زمینی راستے سے آم کی برآمد کا حصہ 15 فیصد اور فضائی راستے سے 15 فیصد ہے۔ یوں سمندری راستے سے آم کی برآمدات کا حصہ 70 فیصد ہے۔

یہ بھی پڑھیے:آم کے وہ فوائد جو اسے بھولنے نہ دیں


متعلقہ خبریں