ملک کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات:12مسافر ہلاک 31 زخمی



گزشتہ 12گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 12 مسافر ہلاک اور 30سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

گزشتہ شب جہلم میں ٹریفک حادثہ کئی قیمتی جانیں نگل گیا۔ بے قابو مسافر وین ٹرالر سے جا ٹکرائی جسکے  نتیجے میں آگ بھڑکنے سے وین میں سوار 9 مسافر جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔ حادثہ میں دس مسافر زخمی بھی ہوئے۔

یہ  المناک حادثہ جہلم کے علاقے سوہاوہ میں اس وقت پیش آیا جب گوجرانوالا سے راولپنڈی آنے والی مسافر وین ترکی موڑپر القادر یونیورسٹی کے قریب بے قابو ہو کر سامنے جاتے ٹرالر سے جا ٹکرائی۔ عینی شاہدین کے مطابق تصادم کے بعد وین میں آگ بھڑک اٹھی۔ آگ اتنی شدید تھی کہ مسافروں کو بچ نکلنے کی مہلت نہ ملی اور شعلوں نے پوری وین کو لپیٹ میں لے لیا۔

مقامی پولیس کے مطابق حادثہ کا شکار وین میں اٹھارہ مسافر سوار تھے۔ دس مسافر زخمی ہوئے۔اطلاع پر ریسکیوعملہ نے جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو ٹی ایچ کیو سوہاوہ منتقل کیا۔ گوجر خان اور آزادکشمیر کے رہائشی چار زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا۔ جبکہ چھ شدید زخمیوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال جہلم منتقل کر دیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے قیمتی جانوں کے ضیاع پرمتاثرہ خاندانوں سے افسوس کا اظہار کیااور حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ،وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

ڈی ایچ کیو جہلم  میں تعینات سرکاری  عملے کے مطبق جاں بحق ہونے والے 9 مسافروں کی لاشیں شناخت کے قابل نہیں ہیں۔جھلسنے والےمسافروں کی لاشیں ڈی ایچ کیو کے سرد خانے میں منتقل کردی گئی ہیں۔
جھلس کر جاں بحق والوں کے لواحقین شناخت کےلیے اسپتال پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ لاشوں کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریع کروائی جائے گی

اسی طرح کوئٹہ اور ڈیرہ غازی خان میں ٹریفک کے دو مختلف حادثات میں تین افراد جاں بحق اور اکیس زخمی ہو گئے ۔

پولیس ذرائع کے مطابق کوئٹہ مغربی بائی پاس پر شالکوٹ کے علاقہ میں مسافر کوچ اور کار میں تصادم ہوا۔ حادثے میں کار میں سوار تین افراد موقع پر دم توڑ گئے،ایک شخص شدید زخمی ہوا ۔ حادثے کا شکار کوچ کوئٹہ سے کراچی جا رہی تھی ۔

ایک اور واقعے میں ڈیرہ غازی خان میں کوٹ چھٹہ کے قریب مسافر کوچ اوور ٹیک کرتے ہوئے سامنے سے آنے والے ٹرالر سے ٹکرا گئی۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ   حادثے میں بیس مسافر زخمی ہوئے ۔

حادثہ کا شکار مسافر کوچ مانسہرہ سے کراچی جا رہی تھی۔


متعلقہ خبریں