بیماری بہانہ، اصل نشانہ لندن جانا، فردوس عاشق اعوان


اسلام آباد: وزیراعظم کی مشیر برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ بیماری اور علالت ایک بہانہ ہے۔ میاں برادران کا اصل نشانہ لندن جانا ہے۔ جھوٹ اور فریب کا سہار1 لینے کا معاملہ پرانا ہو چکا ہے.

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیراطلاعات نے کہا کہ حزب اختلاف کے لاپتہ رہنما لندن میں سیر کر رہے ہیں اور اگر عدالت طلب کرے تو بیماری کا بہانہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان بدلنے کی بات کی مگر اسٹیٹس کو ہمارے نظام کو چیلنج کر رہا ہے، ہمارے قدم نہیں رکیں گے ہم آگے بڑھتے رہیں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اب ادارے اپنا کام کرینگے اور ہم نے پارلیمنٹ کو چلانا ہے، ہم صوبوں کے ساتھ مل کر صحت کے نظام کو بہتر بنائیں گے.

نوازشریف کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عدالتیں آزاد ہیں اور حقائق کی بنیاد پر فیصلہ کرتی ہیں۔ جو حقائق سامنے آئے ہیں ان سے معلوم ہوتا ہے کہ اب من گھڑت، بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی پراپیگنڈے سے عوام  کو ورغلایا نہیں جاسکتا۔

مشیراطلاعات نے کہا کہ  اب بھی وقت ہے کہ اپوزیشن عوامی مفاد میں آگے بڑھے ہم نے پارلیمان کو چلانا ہے اور ادارے بھی اپنا کام کریں۔


متعلقہ خبریں