آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے، حفیظ شیخ


اسلام آباد: مشیرخزانہ ڈاکٹرعبد الحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈز(آئی ایم ایف) کے ساتھ بات چیت مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔

اسلام آباد میں سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نئے مشیرخزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کیساتھ مذاکرات جاری ہے ہیں اور ہم کوشش کر رہے کہ اچھا پیکج ملے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم آئی ایم ایف کے علاوہ ورلڈ بینک اور دیگر مالیاتی اداروں کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں۔

ڈاکٹرعبد الحفیظ شیخ نے کہا مہنگائی ایک مسئلہ ہے کہ اور حکومت اسے کنٹرول کرنے کیلئے کام کر رہی ہے۔مہنگائی پر قابو پانے کیلئے پرتعیش اشیا کی درآمد کو روکنا اور پاکستان کی برآمدات کو بڑھانا ہوگا۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ درآمدات اور برآمدات میں توازن لانے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں غربت میں کمی کیلئے نئے وسائل پیدا کرنے ہوں گے۔ ہم’ احساس پروگرام‘ کے تحت اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے وسائل کا صحیح استعمال کیا جائے اور ہم دستیاب وسائل سے بھرپور استفادے کےلیے بھی کوشاں ہیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری اور کاروباری مواقعوں کو آسان بنا رہے ہیں جس سے خطے میں ترقی اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے جس کے لیے وزارت خارجہ سفارتی سطح پربھی اقدامات کر رہی ہے۔


متعلقہ خبریں