پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مؤخر


اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ موخر کر دیا ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے تیل کی قیمتوں کے تعین کیلئے معاملہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) بھیج دیا ہے۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارش کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران پر امریکی پابندیوں کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں بڑھی ہیں اس لیے تیل کی قیمت میں 14 روپے بڑھانے کی سفارش کی گئی تھی۔

فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ دیوانی مقدموں کو ڈیڑھ سے دو سال میں نمٹانے کیلئے قانون سازی کی جائےگی اور اب قوم کو حقیقی تبدیلی نظر آئے گی۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں سرکاری دفاتر کے اوقات کار تبدیل کر دیے گئے ہیں، اب دفاتر میں صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک کام ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں 13 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا اور بہت اہم فیصلے کیے گئے جن میں خواتین کو وراثت میں حق دلانے کے لیے بل لانا اور کوڈ آف سول پروسیجر میں ترمیم شامل ہیں جس کے ذریعے ڈیڑھ سے دو سال تک مقدمات کا فیصلہ کرنا لازم ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا جیسا مقامی حکومتوں کا ماڈل اب پنجاب میں لایا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں