وزیراعظم کی چینی صدر، دیگر اعلیٰ شخصیات سے ملاقاتیں


بیجنگ: وزیراعظم عمران خان کی روڈ اینڈ بیلٹ فورم پر چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات ہوئی۔

ہم نیوز کے مطابق چینی صدر اور خاتون اول نے فورم پر وزیراعظم کا استقبال کیا۔

وزیراعظم چار روزہ دورے پر چین پہنچے جہاں انہوں نے آج فورم کی سائیڈ لائن پر مختلف ملاقاتیں بھی کی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے ورلڈ بنک کی سی ای او کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات بھی کی جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ حفیظ شیخ بھی شریک تھے۔

عمران خان نے عالمی بنک کی سی ای او کو ملک کی معیشت کی بہتری کے لیے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم پاکستان نے خطے میں غربت کے خاتمے، معاشی خوشحالی اور خاص طور پر داسو منصوبے کےلیے عالمی بنک کی سپورٹ کی تعریف کی۔

وزیراعظم عمران خان نے غربت کے خاتمے کے لیے احساس پروگرام کے حوالے سے عالمی بنک کی چیف ایگزیکٹو آفیسر کو بریف کیا۔

مزید پڑھیں: سی پیک پاکستان کیلئے نعمت ہے،عمران خان

عالمی بنک کی سی ای او نے پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹینا لیگارڈ سے بھی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعطم عمران خان کی فورم کے سائیڈ لائنز پر ایتھیوپیا کے وزیراعظم ابی احمد علی سے بھی ملاقات ہوئی۔

دونوں وزرائے اعظم نے باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے افریقی براعظم سے تعلق رکھنے والے ممالک سے پاکستان کے تعلقات کی اہمیت کا اجاگر کیا۔

انہوں نے سیاسی، تجارتی، کمرشل اور عوام کے درمیان رابطوں کو بڑھانے پر زور دیا۔

اس کے علاوہ وزیراعظم کی وفد کے ہمراہ چین کے نائب صدر سے بھی ملاقات ہوئی۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے چین پاکستان فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے ظہرانے میں شرکت کے موقع پر تقریب سے خطاب میں کہا کہ سی پیک پاکستان کے لیے ایک نعمت ہے۔

عمران خان نے کہا کہ سی پیک منصوبوں سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھ رہےہیں۔ ان کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کے لیے ایک نعمت ہے۔ اس پر پورا پاکستان متفق ہے، سی پیک کی بدولت دیگر ملک پاکستان میں سرمایہ کاری کا سوچ رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ پاک چین دوستی سے متعلق فرینڈشپ ایسوسی ایشن کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے۔ خطے کا امن افغانستان میں استحکام سے جڑا ہے۔ بھارت کے ساتھ بھی اچھے تعلقات چاہتےہیں۔

پاک چین دوستی کےحوالے سے ایسوسی ایشن کی کوششوں کا معترف ہوں۔ سی پیک منصوبہ بیلٹ اینڈ روڈ کی صورت میں پاکستان کے لیے اہم ہے۔ چین کےتعاون سے گوادر بڑا تجارتی مرکز بن گیا ہے ۔

انہوں نے کہا چین دنیا میں تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معاشی قوت ہے۔ چین اور پاکستان کےدرمیان تعاون کی مختلف جہتیں ہیں۔ غربت میں کمی کے پروگرام کے لیے چین کا تعاون حاصل ہے۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان خطے میں استحکام اور امن کے لیے کوشاں ہے ۔


متعلقہ خبریں