ریاض: سعودی عرب نے پاکستان سے جانے والے عمرہ زائرین کے لیے آن لائن ویزے کا اجراء شروع کردیا ہے۔
عمرہ زائرین کو پہلے مرحلے میں کراچی سے ای ویزا جاری ہونا شروع ہوگیا ہے جس کا کچھ دنوں میں اسلام آباد سے بھی آغاز ہوجائے گا۔
سعودی قونصل خانے نے پاسپورٹ پر عمرے کے ویزے کیلئے اسٹیکر سسٹم ختم کردیا ہے جبکہ عمرہ زائرین کے لیے بائیو میٹرک کی شرط بھی باقی نہیں رہی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان اور سعودی قیادت کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں کے نیتجے میں عمرہ زائرین ای ویزے کے ذریعے بھی عمرے کی ادائیگی کرسکیں گے۔
عمرہ زائرین سعودی عمرہ کمپنی سے ہونیوالے معاہدے کے مطابق اپنے ٹریول ایجنٹس کو پاسپورٹ جمع کرائیں گےجہاں انہیں آن لائن عمرہ ویزا جاری کیا جائے گا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب سے رابطہ کرکے پاکستان کو ای ویزہ سہولت والے ممالک میں شامل کرنے کی درخواست کی تھی جس کا سعودی عرب نے مثبت جواب دیا تھا۔
اس سے قبل پاکستان کی درخواست پر سعودی عرب پاکستان کے لیے حج کوٹہ بھی دو لاکھ کرچکا ہے۔
یاد رہے گزشتہ ماہ پاکستان نے بھی سعودی شہریوں کے لیے ویزہ فیس ختم کرنے اور سعودی شہریوں کوپاکستانی ایئرپورٹس پرہی ویزہ جاری کرنے کااعلان کیا تھا۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی درخواست پرسعودی ولی عہد محمدبن سلمان نے سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی کی بھی درخواست کی تھی جس کے جواب میں انہوں نے جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کا اعلان کردیا تھا۔
سعودی ولی عہد محمدبن سلمان کے اعلان کے 24 گھنٹے کے اندر ہی دو ہزار کے قریب پاکستانیوں کی رہائی کا شاہی فرمان بھی جاری کردیا گیا تھا۔