بارسلونا:’پاکستانیوں کے مسائل کرنےکیلئے قونصل جنرل کے دروازے کھلےہیں‘

بارسلونا: پاکستانیوں کی سہولت کے لیے خصوصی ڈیسک کا قیام

اسلام آباد: بارسلونا میں تعینات پاکستانی قونصل جنرل عمران علی چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کے تمام مسائل کے حل کے لیے بارسولنا میں پاکستانی قونصل جنرل کے دروازے کھلے ہیں

پاکستانی کمیونٹی کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی ڈیسک پاکستانیوں کو  پاسپورٹ و شناختی کارڈ کی فراہمی یقینی بناتی ہے اور نائیکاپ سمیت دیگر اہم دستاویزات کی تیاری میں مدد و معاونت فراہم کرتی ہے۔

ہم نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے اسپین کے دوسرے بڑے شہر بارسلونا میں تعینات عمران علی چودھری نے بتایا کہ پاکستانی کمیونیٹی کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے قونصلیٹ نے متعدد اہم قدامات اٹھائے ہیں۔


ہم نیوز کے ایک سوال پر پاکستان کے قونصل جنرل عمران علی چودھری نے تسلیم کیا کہ بارسلونا سے نادرا کے دفتر کو ختم کرنے کا حکومتی فیصلہ غلط تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں یہ پیغام بھیجا گیا تھا کہ بارسلونا میں موجود پاکستانی اپنا فارم آن لائن پر کیا کریں گے لیکن کسی نے یہ نہیں سوچا کہ وہاں موجود افراد کو انگلش یا اردو لکھنے میں کتنے مسائل درپیش ہوں گے؟

عمران علی چودھری نے بتایا کہ نجی اداروں سے فارم بھروانے والوں کو بھاری فیسوں کی ادائیگی کرنا پڑتی تھی اور لوگوں نے باقاعدہ یہ کاروبار بھی بنا لیا تھا۔

پاکستان کے قونصل جنرل نے کہا کہ اس سلسلے میں نہ صرف لوگ بھاری فیسوں کی ادائیگی کرتے تھے، نقصانات اٹھاتے تھے بلکہ دستاویزات کی تیاری میں خرابیاں بھی سہتے تھے۔

عمران علی چودھری نے بتایا کہ اب ہم نے بارسلونا میں قونصلیٹ کے اندر ہی ’ہیلپ ڈیسک‘ کے نام سے پورا ایک فلور مختص کردیا ہے جہاں موجود عملہ ہماری نگرانی میں آنے والوں کو رہنمائی فراہم کرتا ہے۔

ایک سوال پرانہوں ے بتایا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے ملک میں آنے والوں کے لیے ویزہ فیس کم کر کے نصف کی گئی ہے اور ویزہ بھی پانچ سال کا فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومتی اقدامات کے باعث اسپین سے پاکستان آنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسپین میں غیرقانونی طریقے سے پاکستانی آتے ہیں تو ہم قونصلیٹ میں انہیں قانونی معاونت فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں قونصلیٹ کی پالیسی ہے کہ تارکین وطن کا مؤقف سنا جائے اور ان کے ساتھ نرمی برتی جائے۔

غیرقانونی طریقے سے اسپین پہنچنے والوں کے متعلق حکومتی پالیسی کی بابت انہوں نے بتایا کہ حکومتی اور قونصلیٹ کی پالیسی ہے کہ اس طرح آنے والوں کو سزا نہ دی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ غیرقانونی طور پر آنے والوں کے ساتھ ہم اچھا سلوک کرتے ہیں، ان کا مؤقف سنتے ہیں، ان کی شناخت کے عمل کو مکمل کراتے ہیں اور پاسپورٹ بھی فراہم کرتے ہیں۔

پاکستان کے بارسلونا میں قونصل جنرل عمران علی چودھری نے بتایا کہ بارسلونا میں واحد پاکستانی پاسپورٹ ہے جو پاکستانیوں کو مینئویل بھی فراہم کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے ان کی رجسٹریشن کے عمل میں آسانی ہوتی ہے اور اس کے بعد ان کی قانونی معاونت کا عمل شروع ہو جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انسانی اسمگلنگ سے متعلق بارسلونا میں سب سے زیادہ شکایات دیگر علاقوں کی نسبت گجرات، وزیرآباد اور منڈی بہاؤالدین کے علاقوں کے لوگوں کی ملتی ہیں۔

عمران علی چودھری نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ کچھ علاقے ایسے بھی ہیں جہاں انسانی اسمگلنگ اب ایک روایت بن چکی ہے جس پر قابو پانے کے لیے حکومت کو کوششیں کرنا ہوں گی۔

اسپین کی بندرگاہ والے شہر بارسلونا میں پاکستانی قونصلیٹ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو وہاں موجود پاکستانی کمیونٹی نے از حد سراہا ہے اور قونصل جنرل عمران علی چودھری کی اس ضمن میں ذاتی دلچسپی و کوشش کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔


متعلقہ خبریں