لاہور میں کے علاقے بھاٹی گیٹ میں تین منزلہ عمارت منہدم ہونے کے نتیجے میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعے میں چار افراد زخمی بھی ہوئے۔ عمارت کا ملبہ ہٹائے جانے کا کام ابھی جاری ہے۔
اسپتال منتقل کیئے جانے والے افراد میں تین سالہ حسیب، پانچ سالہ اریب، 35 سالہ خضر حیات اور 15 سالہ حافظ نواب شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں کبیر والا میں اسکول کی چھت گر گئی، متعدد بچے زخمی
خیال رہے کہ پاکستان کے کئی بڑے شہروں بشمول کراچی اور لاہور کی کئی عمارتیں انتہائی بری حالت میں ہوتی ہیں جن کے باعث حادثات رونما ہوجاتے ہیں۔
رواں سال فروری میں شہر قائد کے علاقے ملیر جعفر طیار میں تین منزلہ عمارت گر گئی جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
کمشنر کراچی نے کہا تھا کہ عمارت 20 سے 25 سال پہلے تعمیر کی گئی تھی، تنگ گلیوں کے باعث ہیوی مشینری پہنچانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مارچ میں کراچی کے علاقے بوٹ بیسن کے قریب زیر تعمیر عمارت کی لفٹ گرنے سے 6 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ کے مطابق بوٹ بیسن چورنگی کے قریب واقع 11 منزلہ زیر تعمیر عمارت میں حادثہ لفٹ اور چھت کا کچھ حصہ گرنے کی وجہ سے پیش آیا۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ عمارت امین بلڈرز کی تھی اور زیر تعمیر عمارت میں مزدور شیشہ لگانے کا کام کر رہے تھے۔