جن وزراء کے کالعدم تنظیموں سے رابطے ہیں وہ بھی جلد فارغ ہو جائیں گے،بلاول

’تاریخ ہمیشہ عمران خان کو یاد رکھے گی’

فوٹو: فائل


اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جن وزراء کے کالعدم تنظیموں سے رابطے ہیں وہ بھی جلد فارغ ہو جائیں گے۔  حکومت مان گئی ہے ان کی معاشی پالیسیاں ناکام تھیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسد عمر کے استعفیٰ کے بعد تمام پاکستانی مبارکباد کے مستحق ہیں، اب حکومت اپنی معاشی پالیسیوں پر نظر دوڑائے۔

انہوں نے کہا کہ جب سے حکومت آئی پاکستان کی عوام مہنگائی کی سونامی میں ڈوب گئی ہے اور اب نو مہینے بعد آخر کار حکومت مان ہی گئی کہ ان کی معاشی پالیسیاں ناکام تھیں۔ حکومت کی معاشی پالیسیوں سے عوام کو ریلیف نہیں مل رہا تھا۔

بلاول بھٹو نے کہا اس اقدام سے حکومت کی معاشی پالیسیوں میں بہتری آئے گی۔ جن وزراء کے کالعدم تنظیموں سے رابطے ہیں وہ بھی جلد فارغ ہو جائیں گے۔

اصل مسئلہ اسد عمر نہیں بلکہ وزیر اعظم عمران خان خود ہیں، مریم اورنگزیب

اسد عمر کا وزرات خزانہ کا قلمدان چھوڑنے کے معاملے پر مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ  اگر حکومت کی پالیسیاں بہت اچھی تھیں تو پھر کیا ہوا؟کیوں اسد عمر کو وزرات خزانہ چھوڑنے کا کہا گیا؟اسد عمر کا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان کی معاشی پالیسیاں ناکام ہیں۔اصل مسئلہ اسد عمر نہیں بلکہ وزیر اعظم عمران خان خود ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:اسد عمر نے وزارت خزانہ چھوڑ دی، کوئی عہدہ نہ لینے کا اعلان

’ پی ٹی آئی کے اسٹیو جابز کی رخصتی غلط معاشی پالیسیوں کا اعتراف‘

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ معاشی تباہی کا ذمہ دار اکیلا اسد عمر نہیں بلکہ پوری پی ٹی آئی حکومت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بتایا جائے کہ معاشی ارسطو کی رخصتی کہیں آئی ایم ایف سے بھی معاہدے کی ناکامی تو نہیں؟ اسد عمر کا استعفی پی ٹی آئی حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہے۔

نفیسہ شاہ نے کہا کہ جب نوکریوں کی برسات ہو تو عمران خان ایک نوکری اسد عمر کو بھی دیدیں۔

پی پی پی رہنما نے کہا کہ بغیر کوئی اسکور بنائے پی ٹی آئی کا اوپنر پویلین لوٹ گیا، پی ٹی آئی کے اسٹیو جابز کی رخصتی آٹھ ماہ کی غلط معاشی پالیسیوں کا اعتراف ہے۔

پارٹی کے جنرل سیکرٹری سید نیر حسین بخاری نے کہا کہ تبدیلی  کے دعویدار  بہت جلد گمنامی کا شکار ہوجائیں گے، اسد عمر کی سبکدوشی ملکی معیشت کی ابتری کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ثابت ہو گیا عمران خان کی معاشی پالیسیاں ناکام ہیں، مسئلہ وزرا نہیں کابینہ سربراہ وزیراعظم ہیں۔ اسد عمر کا استعفی ابتدا ہے، اختتام وزیراعظم کی تبدیلی ہوگی،

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا نیا وزیر خزانہ تباہ حال معیشت کو مزید تباہ کرے گا۔

’اسد عمر کا استعفی عمران خان کی اپنی نالائقی کا اعتراف‘

قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ اسد عمر کا استعفی وزیراعظم عمران خان کی اپنی نالائقی کا اعتراف ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسد عمر تمام اقدامات عمران نیازی صاحب کو اعتماد میں لے کر کرتے تھے، ذمہ دار نیازی صاحب ہیں۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ اپوزیشن کو رگڑا لگانے کے چکر میں وزیراعظم نے ملکی معیشت اور عوام کا رگڑا نکال دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایمانداری، سنجیدگی، قومی جذبے اور عوام سے پرخلوص وابستگی کے بغیر معیشت سمیت کوئی مسئلہ حل نہیں ہو سکتا.

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی نالائقی اور نااہلی کا خمیازہ بدقسمتی سے ملک اور غریب عوام کو ادا کرنا پڑ رہا ہے، ٹیم لیڈر کو معاملات کی سوجھ بوجھ نہ ہو تو ٹیم کا ردوبدل بے سود ثابت ہوتا ہے۔

استعفیٰ بزدلی کی عکاسی ہے، اسحاق ڈار

سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اسد عمر کا استعفیٰ غیر ذمہ داری اور بزدلی کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2014 سے لیکر اب تک انہوں نے قوم سے غلط بیانی کی اور حقائق مسخ کرکے قوم کو امید دلائی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے عمران خان حکومت میں بولے جانے والے جھوٹ کی نشاندہی کی۔

سینئر تجزیہ کار محمد مالک نے ہم نیوز پر گفتگو میں کہا کہ اسد عمر نے غلط فیصلہ نہیں کیا لیکن انہوں نے فیصلہ دیر سے کیا۔ شاید اسد عمر نے زمینی حقائق کو درست نہیں سمجھا اور وہ سیاست کو اس طرح نہیں سمجھ سکے جس طرح سیاست کو سمجھ رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں آئی ایم ایف پروگرام پر اتفاق ہو گیا،ابھی تفصیلات نہیں بتاسکتا،اسد عمر

تجزیہ کار عامر ضیا نے کہا کہ گزشتہ تین چار ماہ سے یہ صورتحال نظر آ رہی تھی کہ اسد عمر معیشت کو سنبھالنے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے پہلا منی بجٹ دیا اس میں ناکام رہے اس کے بعد پھر بجٹ دیا اس میں بھی ناکام نظر آ رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اسد عمر ٹیکس ایمنسٹی اسکیم لانا چاہ رہے تھے لیکن اس میں بھی ناکام رہے۔ تحریک انصاف نے پاکستان کو بند گلی میں لا کھڑا کیا ہے۔

سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ نون کے رہنما محمد زبیر نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان تحریک انصاف کو گزشتہ 22 سال میں سب سے بڑا دھچکا ہے۔ عمران خان نے عوام کو جو خواب دکھائے تھے وہ تو چکنا چور ہونا ہی تھے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ اسد عمر کا استعفیٰ دینا اس بات کا اظہار ہے کہ موجودہ حکومت فیل ہو گئی ہے اور یہ واحد وزیر تھا جو انتہائی قابل تھا۔

انہوں نے کہا کہ اسد عمر پاکستان کو بہت نقصان پہنچانے کے بعد الگ ہوئے لیکن اس کا سارا قصور عمران خان کا ہے۔ وزیر اعظم میں ملک چلانے کی صلاحیت نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں