عمران خان کے بیانات سے دنیا نے ہمیں دوحہ مذاکرات سے نکال دیا، مصطفی نواز

Mustafa nawaz

کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ عمران خان کے بیانات کا کمال ہے کہ دنیا نے ہمیں دوحہ مذاکرات کے عمل سے باہر نکال دیا۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا عمران خان کی ناکام حکومت نے ملک کو معاشی جھٹکے کے بعد خارجہ محاذ پر بڑا جھٹکا دے دیا، امریکہ طالبان مذاکرات سے پاکستان کو باہر نکالا جانا ناقص خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت نے خارجہ پالیسی میں ایک اور ناکامی کا تمغہ اپنے سینے پر سجایا ہے، ہم معیشت کی بدحالی پر رو رہے تھے یہاں سلیکٹ وزیراعظم کی خارجہ پالیسی گلے پڑ گئی ہے۔

سینیٹر مصطفیٰ نواز نے کہا کہ اب سے پہلے مسئلہ افغانستان کے حل میں دنیا پاکستان کو ناگزیر سمجھتی رہی، ہم ان مذاکرات سے دور کر دئے گئے جو پاکستان شرکت کے بنا ممکن نہیں سمجھے جاتے تھے۔

ترجمان بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ افغانستان کے انتخابات پر وزیراعظم غیرذمہ دارانہ بیان نہ دیتے تو یہ دن نہیں دیکھنے پڑتے، عمران خان کی انتقامی ذہنیت نے ملک کے اندر انتشار کی فضا پیدا کر رکھی ہے، عمران خان کے خارجی امور سے متعلق بلا سوچے سمجھے دئے گئے بیانات جگ ہنسائی کا سبب بن رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں