کراچی: چھٹی منزل سے گر کر بچی کےجاں بحق ہونے کا معاملہ، ماں کے خلاف مقدمہ درج


کراچی: شہر قائد کے علا قے لیاری میں چھٹی منزل سے گرکر بچی کےجاں بحق ہونے کے واقعہ کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔

مقدمے میں حادثے کی وجہ ماں کی غفلت کو قرار دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ‏ماں نے بچی کے ہاتھ  باندھ  کر اسے گھر میں بند کردیا تھا، گیلری کی دیوارچھوٹی ہونے کے باعث بچی گیلری سے گرکر جاں بحق ہوئی۔

پولیس نے بتایا کہ ‏مقدمے کا اندراج لیاری کے تھانہ کلری میں کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز واقعہ اس وقت پیش آیا جب ماں نے بچی کو ہاتھ باندھ کر کمرے میں بند کردیا اور وہ کھڑکی سے نیچے جا گری۔ بچی کی عمر چھ برس اور نام سویرا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے پارک میں جھولا گرگیا : بچی جاں بحق ،سات زخمی

والدین کے بیان کے مطابق سویرا دو روز سے مدرسے نہیں جارہی تھی جس کے باعث سزا کے طور پر اسے ہاتھ پاؤں باندھ کر کمرے میں بند کیا تھا لیکن پتا نہیں ووہ کیسے نیچے گر گئی۔

مقتولہ کے ماموں کے مطابق بچی مدرسے اس لیے نہیں جارہی تھی کیونکہ وہ خوفزدہ تھی کہ سبق یاد نہ ہونے پر استاد سے بہت زیادہ مار پڑے گی۔

پولیس کے تحقیقات کے ابتدائی سطح پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ ماں بچی کو باندھ کر پڑوسیوں کے گھر چلی گئی اور جب بچی ماں کو دیکھنے کے لیے کھڑکی میں آئی تو نیچے گر کر جاں بحق ہوگئی۔

پولیس نے غفلت برتنے پر ماں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔


متعلقہ خبریں