امریکہ نے شہریوں کو بھارت سمیت 35 ممالک کے سفر سے خبردار کر دیا


واشنگٹن: امریکہ نے اپنے شہریوں کو بھارت سمیت 35 ممالک کے سفر سے خبردار کر دیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کے غیر معمولی سفری انتباہ میں پاکستان، بھارت، ترکی، چین اور ایران شامل ہیں۔

سفری انتباہ کے مطابق پاکستان میں امریکی شہری خیبر پختون خوا اور بلوچستان نہ جائیں، امریکہ نے آزاد کشمیر اور پاک، بھارت سرحد بھی نوگو ایریاز قرار دے دیے۔

محکمہ خارجہ کے مطابق پاکستان میں امریکی شہریوں پر دہشت گردی اور اغواء کا خطرہ ہے۔

امریکی ایڈوائزی میں بتایا گیا کہ بھارت میں امریکی شہری جنسی تشدد، جرائم اور دہشتگردی کا نشانہ بن سکتے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق امریکی شہری پاکستان کا سفر کرنے سے پہلے دوبارہ سوچیں، امریکی قونصلیٹ پشاور، اپنے شہریوں کو کوئی مدد فراہم نہیں کر سکے گا۔

ایڈوائزی میں کہا گیا کہ پاکستان، بھارت ممکنہ سرحدی کشیدگی کے خدشات ہیں، امریکی شہری پاک، بھارت سرحدی علاقوں سے دور رہیں۔

محکمہ خارجہ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں کسی بھی ممکنہ دہشتگردی کے خطرات موجود ہیں، امریکی شہری پہلگام، سری نگر جیسے علاقوں میں نہ جائیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ خطہ کشمیر میں امریکی شہری لائن آف کنٹرول سے بھی دور رہیں۔

خیال رہے کہ امریکی انتباہ ایک ایسے موقع پر جاری ہوا ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان حالات کشیدہ ہیں۔ بھارت آئے روز سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر فائرنگ کرتا رہتا ہے۔

پانچ اپریل کو بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے بعد پاک فوج کی جوابی کارروائی میں پانچ بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چڑی کوٹ سیکٹر میں بھارتی فوج نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور چار بچوں سمیت چھ شہری زخمی ہوگئے تھے۔

سات اپریل کو ایک پریس کانفرنس کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا تھا کہ بھارت کی جانب سے نئی جارحیت کا امکان ہے اور پڑوسی ملک 16 سے 20 اپریل تک نئی کارروائی کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہمارے پاس انٹیلی جنس رپورٹ ہے کہ بھارت مزید کارروائی کی تیاری کر رہا ہے اور پلوامہ جیسا ایک اور واقعہ رونما ہو سکتا ہے جس کا مقصد پاکستان پر سفارتی دباؤ بڑھانا ہو سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں