موجودہ حکومت کیلئےمشیر ہی کافی ہیں، احسن اقبال



اسلام آباد: پاکستان کے سابق وزیرداخلہ احسن اقبال نے مشورہ دیا ہے کہ وزیر خزانہ اسد عمر کو وزیر اطلاعات بنانا چاہیے اور فواد چودھری کو صرف آرام کرنا چاہے۔ موجودہ حکومت  کیلئے اس کے مشیر ہی کافی ہیں ہمیں کچھ کرنے کی ضرورت نہیں۔

احسن اقبال نے مولانا فضل الرحمان اور نوازشریف کی ملاقات کوغیر سیاسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوازشریف سیاسی سرگرمیاں فی الحال نہیں کر رہے لیکن پارٹی کے دیگر رہنما سیاسی ملاقاتیں کرتے رہتے ہیں۔  مسلم لیگ ن کے رہنما نے مولانا فضل الرحمان کو کنگ آف پالیٹکس بھی قرار دیا۔

سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ ہم کسی سے بھی این آر او نہیں مانگ رہے، پی ٹی آئی والے اپنے لوگوں کو مطمئن رکھنے کیلئے اس قسم کی باتیں رکھتے ہیں، سب جانتے ہیں کہ نوازشریف سیاسی قیدی ہیں، ہمیں انصاف ملنے کا یقین کا ہے اور یہ بادل چھٹ جائیں گے۔

ہم نیوز کے پروگرام’صبح سے آگے‘ میں بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ خطے کے دیگر ممالک نے صرف استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کی وجہ سے ترقی کی ہے، بھارت اور بنگلہ دیش میں کرپشن ہم سے زیادہ ہے لیکن وہاں استحکام ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ کسی بھی حکومت کو کم سے کم 18 ماہ ملنے چاہیں اپنی کارکردگی دکھانے کیلئے، ہم چاہتے ہیں موجودہ  حکمراں جماعت پوری طرح بے نقاب ہوجائے۔ اسد عمر میرے دوست ہیں، آپ ڈالر کو ایک سال یا چھ ماہ تک مصنوعی طریقے سے نیچے رکھ سکتے ہیں۔

مجھے سی پیک پر فخر ہے ہم نے تین سال میں ایک پروجیکٹ کو کاغذ کے ٹکڑے سے زمین پر کھڑا کردیا جو دنیا میں اپنی مثال آپ ہے، ہم حکومت میں آئے تو حالات خراب تھے، ہم نے وژن 2025 بنایا جس میں تمام جماعتوں کو آن بورڈ لیا تھا۔

(احسن اقبال کی مکمل گفتگو سننے کیلئے اوپر ویڈیو پر کلک کریں)


متعلقہ خبریں