مستحکم اور پرامن پاکستان ہمارا نصب العین ہے، آرمی چیف



اسلام آباد: پاک فوج کے سربراہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مستحکم اور پرامن پاکستان ہمارا نصب العین ہے۔

آرمی چیف نے نیشنل  ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں منعقدہ چوتھی  پاک، برطانیہ استحکام کانفرنس سے خطاب کیا ہے۔ برطانیہ کے پاکستان میں ہائی کمیشنر نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔

آرمی چیف نے اپنے خطاب میں داخلی و سرحدی سلامتی کے امور کا احاطہ کیا اور علاقائی سلامتی کو درپیش خطرات پر اظہار خیال کیا ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ جنرل قمرجاوید باجوہ نے ملک کے اندر اور خطے میں امن کی بحالی کا اعادہ بھی کیا۔

آرمی چیف نے خطے کی سیاست، سیکیورٹی اور معیشت پر سی پیک کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ  پاک چین اقتصادی راہدرای پورے خطے کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پوری توجہ پاکستان کو پرامن، محفوظ، مستحکم اور نارمل ملک بنانے پر مرکوز ہے۔

بعد ازاں برطانوی فوج کے لیفٹیننٹ جنرل پیٹرک سینڈر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات بھی کی۔ ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی اور عسکری معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


متعلقہ خبریں