پاکستان اور یورپی یونین نیواسٹریٹیجک انگیجمینٹ پلان پر متفق


اسلام آباد:وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا ہے کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان ایک نئے اسٹریٹیجک انگیجمینٹ پلان پر اتفاق ہوا ہے،  معاہدے پر دستخط برسلز میں ہوں گے۔

شاہ محمود قریشی اور یورپی یونین کی نمائندہ خصوصی  فیڈریکامورگیرنی نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کی ہے۔ پریس کانفرنس میں وزیرخارجہ نے بتایا کہ یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کی تجارت میں 2013 کے بعد دوگنا اضافہ ہوا ہے، ہم مزید تجارت بڑھانا چاہتے ہیں، موجودہ حکومت اور یورپی یونین کی پالیسیوں میں مماثلت پائی جاتی ہے۔ پاکستان اور یورپی یونین کے گہرے اسٹریٹیجک تعلقات ہیں۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ یورپی یونین سےنیشنل ایکشن پلان اورانتہاپسندی پربات ہوئی، توانائی کے شعبوں میں دو طرفہ اسٹریٹیجک شراکت داری پر اتفاق کیاگیا، تجارت،سرمایہ کاری،گورننس،قانونی امورپرگفتگوہوئی۔

شاہ محمود قریشی نے بھارت کے ساتھ تعلقات پر پاکستان کا مؤقف بتاتے ہوئے کہا ہم ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن اور تمام مسائل کا حل بات چیت سے چاہتے ہیں، دو ایٹیم طاقتیں جنگ کا سوچ بھی نہیں سکتیں، بھارت کےساتھ تمام تصفیہ طلب امورصرف مذاکرات سےحل ہوسکتےہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پڑوسی ملک ایران سےتعلقات پاکستان کے لیے اہم ہیں، ایران ہمارا مسلمان برادر ملک ہے اور افغانستان میں امن کیلئے بھی اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

یورپی یونین کی نمائندہ خصوصی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان نےدہشت گردی کے خلاف اقدامات اٹھائے ہیں، بھارت سے کشیدہ صورت حال میں پاکستان کا کردارقابل تعریف ہے، پاکستان کا افغان مہاجرین کوپناہ دینا قابل تحسین ہے۔

فیڈریکامورگیرینی نے کہا کہ ہم  پاکستان کی حکومتی ترجیحات کی مکمل حمایت کرتے ہیں،غربت کےخاتمے اوردیگر حکومتی ترجیحات میں تعاون کریں گے، وزیرخارجہ کے ساتھ ثمر آمیز مذاکرات ہوئے، تجارت، سرمایہ کاری اوردیرپا ترقی کے شعبوں پر اتفاق کیا گیا،

نمائندہ خصوصی نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں دہشت گردی حملوں میں پاکستانی شہید ہوئے ہمیں پاکستانی شہادتوں پر لواحقین کے ساتھ ہمدردی ہے اور مذہبی مقامات پر حملوں کی مذمت کرتے ہیں، اسلاموفوبیا ہمارے لیے بھی مسئلہ ہے ہم ہر قسم کی تشدد کی مخالفت اور مذمت کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں