قائم علی شاہ کی 8 اپریل تک ضمانت منظور

اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب کو قائم علی شاہ کی گرفتاری سے روک دیا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری منظور کر لی۔

سابق وزیر اعلیٰ سندھ نے گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست ضمانت قبل از گرفتار جمع کرائی تھی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے قائم علی شاہ کی 8 اپریل تک ضمانت منظور کر لی۔

عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے قائم علی شاہ کی ضمانت 10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض قبول کی۔

قائم علی شاہ کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) نے ہمارا نام تجویز نہیں کیا۔ ٹھٹھہ اور دادو شوگر ملز کے 2 مقدمات ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ دونوں مقدمات میں درخواست ضمانت علیحدہ علیحدہ دائر ہو گی جب کہ ہم ایک درخواست پر ضمانت دے رہے ہیں۔

سابق وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے عدالتی حکم پر دوسرے مقدمہ میں بھی حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کر دی۔

سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ 27 مارچ کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے طلب کر رکھا ہے اور گرفتاری کا خدشہ ہے اس لیے اسلام آباد ہائی کورٹ نیب کو گرفتاری سے روکنے کا حکم دے۔

درخواست میں کہا گیا کہ درخواست گزار کا منی لانڈرنگ سے کوئی لینا دینا نہیں سیاسی بنیادوں پر نام شامل کیا گیا ہے۔ جب تک کیس کی سماعت مکمل نہیں ہو جاتی درخواست گزار کو گرفتار نہ کیا جائے ۔

سابق وزیراعلیٰ  قائم علی شاہ نے درخواست میں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال اور ڈی جی نیب کو فریق بنایا ہے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں زمین کے گھپلوں سے متعلق کیس کی تفتیش کررہا ہے اور اس سلسلے میں سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو پوچھ گچھ کے لیے نیب راولپنڈی میں طلب کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے نیب میں بیان ریکارڈ کرادیا

دوسری طرف سندھ کے موجودہ وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے جعلی بینک اکاونٹس کیس میں آج پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں مراد علی شاہ 26 مارچ کے بجائے آج نیب اولڈ ہیڈ کوارٹرز میں پیش ہوں گے۔

نیب نے وزیراعلیٰ سندھ کو ٹھٹھہ اور دادو شوگر ملز کیس میں ریکارڈ سمیت طلب کر رکھا ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق پیشی کے دوران مراد علی شاہ کا بیان ڈی جی نیب عرفان منگی خود ریکارڈ کریں گے، وزیراعلیٰ سندھ کو تحریری سوال نامہ بھی دیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی پیشی کے دوران سیکیورٹی انتظامات بہتر نہیں تھے اس لیے سخت انتظامات کرنے کی درخواست کی گئی ہے جس کے لیے عرفان منگی نے ضلعی انتظامیہ سے باقاعدہ رابطہ کرلیا ہے۔


متعلقہ خبریں