یوم پاکستان، اتاکلے ٹاور پاکستان اور ترکی کے پرچم سے روشن


ترکی انقرہ کے مرکز اتاکلے ٹاور کو یوم پاکستان پر پاکستان اور ترکی کے پرچم سے روشن کر دیا گیا ۔اتاکلے دارالحکومت انقرہ کے مرکز میں سب سے بلند مقام ہے جس کا نظارہ پورے انقرہ سے کیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ یوم پاکستان کے سلسلے میں آج ہونے والی پریڈ میں ترکی کے جیٹ طیاروں نے بھی مظاہرہ کیا۔

ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کے یوم جمہوریہ کے حوالے سے صدر پاکستان عارف علوی کو مبارک باد کا پیغام بھیجا ہے۔

ترک صدر نے کہا کہ حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کو اپنی اور ترک قوم کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، مجھے یقین ہے کہ دونوں ممالک کے مابین بھائی چارہ اور برادرانہ تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہوں گے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حالیہ دنوں میں سرانجام پانے والے دو طرفہ اعلیٰ سطحی دوروں کی بدولت تقویت پانے والے سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس اہم دن کے موقع پرپاکستان کے اعلی حکام کی اچھی صحت اور خوشنودی کے ساتھ ساتھ دوست و برادر پاکستانی عوام کی خوشحالی اورترقی کا دعا گو ہوں۔


متعلقہ خبریں