اٹک کے علاقہ بولیانوال کے نواحی گاؤں میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے سات افراد جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کےمطابق بولیانوال کے گاؤں اڑانگ میں اچانک گھر کی چھت گر گئی ۔ حادثے میں تیس سالہ شازیہ، اس کے دو بیٹے آٹھ سالہ عمر، چھ سالہ لطیف اور دو بیٹیوں کی جان چلی گئی ۔
چونتیس سالہ عابدہ بی بی اور اس کی چار سالہ بیٹی اقرا بھی جاں بحق ہو گئی ۔ واقعہ کے بعد علاقے کی فضا سوگوار ہے۔ اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشیں نکالیں ۔ جاں بحق افراد کی نماز جنازہ آبائی علاقے اڑانگ میں ادا کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیے:کراچی میں 3 منزلہ عمارت منہدم، 3 افراد جاں بحق ،2 زخمی
اس سے قبل گزشتہ ماہ 25فروری کو کراچی میں ملیر کے علاقے جعفر طیار سوسائٹی میں بھی تین منزلہ رہائشی عمارت گر نے سے 2 خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 55 سالہ حسن عباس کے نام سے ہوئی۔
ملبے تلے دبے دو زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق دونوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ملبے سے ایک بچے کو بھی زخمی حالت میں نکال لیا گیا جو اسکول یونیفارم پہنے ہوئے تھا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق عمارت 30 سال پرانی تھی اور 96 گز کے رقبے پر تعمیر کی گئی تھی۔ عمارت میں چار فیملیز رہائش پذیر تھیں۔ جن میں سے دو فیملیز گھر پر موجود نہیں تھیں۔