یونیورسٹی آف سندھ جامشورومیں ہولی منانے کی اجازت


یونیورسٹی آف سندھ جامشورو نے طلباء کو ہولی منانے کی اجازت دے دی ہے۔

اس ضمن میں یونی ورسٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 18 مارچ کو جامشورو یونیورسٹی کے تمام محکموں کو ہولی کا جشن منانے کی اجازت دی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق ہولی کا تہوار صرف یونیورسٹی کی حدود میں میں منایا جائے گا جبکہ کسی بھی طالب علم اور اسٹاف ممبران کو ہتھیار لانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

خیال رہے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی آج ہندو برادری کو ان کے تہوار ہولی کی پیشگی مبارک باد پیش کی تھی۔

ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہندو برادری کو ہولی کے موقع پر تنخواہ جاری کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے فنانس ڈپارٹمنٹ کو ہولی کے موقع پر ہندو برادری کو پوری تنخواہ جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کا یہ بھی کہنا ہے کہ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت ہولی کی خوشی میں ہندو برادری کے ساتھ ہے۔

خیال رہے ہولی موسم بہار کے آغاز میں منایا جانے والا ہندوؤں کا مشہور تہوار ہے۔یہ تہوار موسم بہار کی آمد کے علاوہ اچھی فصل ہونے کی خوشی میں بھی منایا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں