ڈی جی خان:ٹریکٹر ٹرالی کھائی میں جا گری، 5 افراد جاں بحق

ڈی جی خان میں ٹریکٹر ٹرالی کھائی میں جا گری، 5 افراد جاں بحق

فوٹو: ہم نیوز


ڈی جی خان: ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان) میں ٹریکٹر ٹرالی کھائی میں گرنے سے 2 خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔

ڈی جی خان میں زائرین سے بھری ٹریکٹر ٹرالی گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے میں ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیور اور 2 خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق جب کہ 25 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جب کہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے 10 کی حالت تشویشناک ہے جنہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے جب کہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

ریسکیو ترجمان کے مطابق حادثہ ڈیرہ غازی خان سے 60 کلومیٹر دور قبائلی علاقہ زندہ پیر کے مقام پر پیش آیا، جہاں زیارت کے لیے دربار زندہ پیر جانے والے زائرین کی ٹریکٹر ٹرالی موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری اور الٹ گئی۔

یہ بھی پڑھیں ڈی جی خان میں ٹریفک حادثہ، جاں بحق افراد کی تعداد 21 ہوگئی

حادثہ کا شکار ہونے والے افراد کا تعلق ڈیرہ غازی خان کے بلاک نمبر 42 سے ہے جو زندہ پیر دربار پر منت چڑہانے کے لیے جا رہے تھے۔

دوسری جانب حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان میاں محمد مظہر اقبال جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور امدادی کاموں کی نگرانی کی۔

کچھ عرصہ قبل ڈیرہ غازی خان میں تیز رفتار مسافر بسوں میں تصادم کے نتیجے میں 21 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں سے 12 افراد کا تعلق ملتان کے علاقے پل براراں سے جب کہ 2 افراد کا تعلق مظفر گڑھ سے تھا۔

تاہم عینی شاہدین کے مطابق دونوں بسوں کے درمیان حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا تھا جب کہ ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی میتوں کو سرکاری ایمبولینسز کے ذریعے آبائی علاقوں کو روانہ کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں