اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے بلین ٹری منصوبے کی کامیابی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے خیبرپختونخوا کے جنگلات میں چار فیصد اضافہ ہوا ہے۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ عوامی اور نجی شعبے کی کوششوں سے بلین ٹری سونامی منصوبے کو مثالی کامیابی ملی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کامیابی نے ہمیں 10 ارب درخت لگانے کا حوصلہ دیا ہے۔
From nurseries to full forest areas, the success of Billion Tree Tsunami has been unprecedented with public & pvt involvement. Has given us confidence to take the initiative to 10 bn trees. KP’s forest cover has increased by 4%, contributing to the fight against climate change pic.twitter.com/xFqJpwUq0u
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) March 10, 2019
وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے جنگلات میں چار فیصد اضافہ ہوا ہے، یہ درخت موسمیاتی تبدیلیوں سے لڑنے میں مدد دیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال عام انتخابات میں کامیابی کے بعد تحریک انصاف کی حکومت نے ملک بھر میں ملک بھر میں دس ارب درخت لگانے کا اعلان کیا تھا۔
تحریک انصاف کے ترجمان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں بلین ٹری منصوبے کو عالمی سطح پر سراہا گیا، کے پی میں بلین ٹری منصوبہ ماحولیات کے لیے بڑی نعمت ہے۔
ماحولیات کے تحفظ کے لیے سرگرم عالمی ادارے آئی سی یوان کے مطابق بلین ٹری سونامی منصوبے سے خیبر پختونخوا کا شمار دنیا کے ان صوبوں میں ہونے لگا ہے جس نے عالمی معاہدے ‘بون چیلنج’ کے تحت تین لاکھ پچاس ہزار ہیکٹر رقبے پر پودے لگانے کا ہدف پورا کیا ہے۔
بون چیلنج ایک عالمی معاہدہ ہے جس کے تحت دنیا کے درجنوں ممالک 2020 تک 150 ملین ہیکٹر رقبے پر جنگلات میں اضافہ کریں گے۔
بلین ٹری سونامی منصوبے کے لیے 2013 میں ٹاسک فورس بنائی گئی تھی تا ہم اس کا باقاعدہ آغاز 2015 میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کیا تھا۔
پاکستان دنیا کے ان ممالک کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں جنگلات تیزی سے ختم ہو رہے ہیں جبکہ پاکستان دنیا کے ان سات ممالک میں بھی شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں اور ان کے تباہ کن اثرات سے ہر سال ہلاکتوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔