آسٹریلیا ون ڈے سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان، ملک کپتان مقرر



لاہور: پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری شعیب ملک کو سونپ دی ہے۔

لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹرانضمام الحق نے بتایا کہ پاکستان نے کپتان سرفراز احمد سمیت چھ کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ سے قبل آرام کا موقع دیا ہے۔

قومی ٹیم کے ایک روزہ اسکواڈ میں شعیب ملک (کپتان)، عابد علی، فہیم اشرف، حارث سہیل، عماد وسیم، امام الحق، جنید خان، محمد عباس، محمد عامر، محمد حسین، محمد رضوان (وکٹ کپیر)، سعد علی، شان مسعود، عمراکمل، عثمان شنواری اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

مڈل آرڈر بلے باز اور ماضی میں مختلف تنازعات کا شکار رہنے والے عمراکمل کو تقریباً 25 ماہ بعد قومی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

عمراکمل کی ٹیم میں واپسی کے حوالے سے انضمام الحق نے کہا کہ نہ پہلے کسی سے مسئلہ تھا اور نہ ہی اب ہے، مکی آرتھرنے نشاندہی کی کہ عمراکمل کی فٹنس پہلے سے بہتر ہے تو اس لیے اسے ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

انضمام الحق نے بتایا کہ امید ہے کہ محمد حفیظ  دورہ انگلینڈ سے قبل فٹ ہوجائیں گے، آئی سی سی کے ورلڈکپ کے لیے کھلاڑیوں کے نام پہلے دینے سے قانون میں تبدیلی کے باعث کسی بھی وقت انہیں ٹیم میں شامل کرنا ہمارے بس میں ہوگا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ میچوں پر مشتمل ایک روزہ سیریز 22 مارچ سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگی۔

پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریز میں آسٹریلوی ٹیم کی قیادت ایرون فنچ  کریں گے جبکہ فاسٹ بولر مچل اسٹارک فٹنس مسائل کے باعث سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔

آسٹریلوی ٹیم میں ایرون فنچ (کپتان)، الیکس کیرے اور پیٹ کمنز مشترکہ طور پر نائب کپتان ہوں گے، اس  کے علاوہ  اسکواڈ میں عثمان خواجہ، شان مارش، پیٹر ہینڈسکومب، گلین میکسویل، کین رچرڈسن، جیسن بہرنڈوف، نیتھن لیون اور ایڈم زمپا شامل ہیں۔

واضح رہے کہ اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر پر کرکٹ کھیلنے کے لیے پابندی 28 فروری کو ختم ہوگئی ہے تاہم اس کے باوجود دونوں کھلاڑیوں کو اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔


متعلقہ خبریں