فضائی حدود کی بندش میں مزید ایک دن کا اضافہ

پاکستانی فضائی حدود پر عائد پابندی ختم

کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے پاکستان سے گزرنے والی پروازوں کے لیے فضائی حدود کی بندش میں مزید ایک دن کا اضافہ کیا ہے۔

سول ایوی ایشن  کے نوٹم کے مطابق مشرق سے مغرب اور مغرب سے مشرق جانے والی پروازیں 9 مارچ دوپہر 3 بجے تک بند رہیں گی جب کہ شمال اور جنوب کے درمیان مخصوص فضائی روٹ سے فلائٹ آپریشن کی اجازت برقرارہے۔

نوٹم میں بتایا گیا ہے کہ رحیم یار خان، سیالکوٹ، اسکردو، گلگت، سکھر اور مشرقی ائیر پورٹس کو مزید 24 گھنٹے کے لیے بند رکھا گیا ہے۔

نوٹم کے مطابق جن ائیرپورٹس پر فلائٹ آپریشن جاری ہے اس میں 15 مارچ صبح 5بجے تک کی توسیع کی گئی ہے۔

سی اے اے نے نوٹم میں بتایا ہے کہ چترال، ملتان، کراچی، فیصل آباد پشاور، کوئٹہ، لاہور اور اسلام آباد ائیر پورٹس پر بھی 15 مارچ تک فلائٹ آپریشن جاری رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیے:پاکستان کی فضائی حدود جزوی بحال

یہ بھی پڑھیے:لاہور ایئرپورٹ آپریشنل، پی آئی اے کی معمول کی پروازوں کا آغاز

ایل او سی پر پاک بھارت کشیدگی کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کراچی، لاہور، اسلام آباد، سیالکوٹ، پشاور اور ملتان  سمیت ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر  فضائی آپریشن بند کرنے کےاحکامات دیے تھے۔ ملک بھر میں اندرون اور بیرون ملک جانے والی پروازیں روک دی گئی تھیں۔

واضح رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی  کی جانب سے یہ اقدام اس وقت کیا گیا جب پاکستانی فضائیہ نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے پررواں ماہ 27فروری کو دو بھارتی طیارے مار گرائےتھے۔

یہ بھی پڑھیے:پاکستان کا سرپرائز، 2 بھارتی طیارے تباہ کر دیے

بھارت کی جانب سے گزشتہ  کئی روز سے سرحدی  علاقوں میں کشیدگی جاری ہے تاہم ۔پاکستان نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی طیارے مار گرائے جس کے بعد دونوں ممالک کے مابین صورتحال مزید کشیدہ ہوئی۔


متعلقہ خبریں