کالعدم تنظیموں کو این آر او دیا جارہا ہے، بلاول



اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کشمیر کے لوگوں کو اپنی منزل کا تعین خود کرنے دیا جائے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کا نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ گجرات کا قصاب کشمیریوں کا قتل عام کررہا ہے، بھارت کے اقدامات غیر منصفانہ اور ظالمانہ ہے۔

اس موقع پر انہوں نے دشمن کا طیارہ گرانے پر پائلٹ حسن صدیقی اور پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے ان سپاہیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے جام شہاد نوش کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مودی پر دہشت گردی کے باعث امریکہ داخلہ پر پابندی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے، بچوں کو بیلٹ گنوں سے بینائی سے محروم کیا جا رہا ہے، ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان صورتحال کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔

بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ کسی اپوزیشن رکن نے وزیراعظم عمران خان کو ملک کے لیے سیکورٹی رسک قرار نہیں دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں خودکش حملہ وہاں کے مقامی نوجوان نے کیا، کشمیریوں کو ان کا حق دیں تو وہاں خود ہی امن آجائے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ثابت کردیا کہ بہترین فضائیہ ہے، بھارتی جارحیت کے خلاف قوم متحد ہو گئی۔

انہوں نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ملک کی فضائی حدود بند ہونے کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہ ہوسکا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کشمیر میں مظالم کی انتہا کر دی، بھارتی جارحیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، دنیا مودی کو نہیں لیکن گجرات کے قصاب کو جانتی ہے، نہتے کشمیریوں کے خلاف پیلٹ گن استعمال کی جا رہی ہے۔

دلچسپ بات یہ دیکھنے میں آئی کہ بلاول بھٹو زرداری اپنی تقریر کے دوران مسلسل اپنے اسمارٹ فون کا استعمال کرتے رہے۔

’بھارتی پائلٹ کو واپس کرنے میں جلدی کی گئی‘

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بھارتی پائلٹ کو واپس کرنے میں جلدی کی۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں وزیراعظم کو نوبل انعام دینے کی قرارداد جمع کروائی گئی، اگر یہ ایوان میں منظور یا مسترد ہوتی تو پاکستان کی جگ ہنسائی ہونی تھی، اچھا ہے کہ قرارداد واپس لے لی گئی، حکومت نے ایک اور یو ٹرن لے لیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت نے او آئی سی اجلاس میں شرکت نہ کرکے غلطی کی، ہم نے اجلاس میں پاکستان کا موقف پیش کرنے کا موقع ضائع کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کو این آر او دیا جارہا ہے، ان پر جے آئی ٹی کیوں نہیں بنائی گئی؟ ہم کیوں نیشنل ایکشن پلان (نیپ) اور ایف اے ٹی ایف پر بھرپور عملدرآمد نہیں کر رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف بھرپور کاروائیاں کرنا ہوں گی، سانحہ اے پی ایس کے بعد نیشنل ایکشن پلان بنایا گیا، امید ہے کہ اب اس پر مکمل عملدرآمد ہو گا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت سے کیا تبدیلی آئی؟ بجلی گیس کے بلوں میں اضافہ ہوا، مہنگائی کا بم گرایا گیا اور یہ سب کچھ عوام دوست بجٹ کے نام پر کیا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کوئی وزیر خزانہ سے کہے کہ کسی غریب کے گھر کا بجٹ بنا کر دکھائیں، کیسے کوئی غریب اپنے گھر کا نظام چلا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان کو خودمختار معیشت بنانا ہوگا، موجودہ حکومت نے ملک کی معیشت کی بہتری کے لئے کچھ نہیں کیا، ملک کا جاری خسارہ کئی گنا بڑھ چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان جنوبی پنجاب فاٹا کے لئے اس بجٹ میں کچھ نہیں، ہمیں کئی طرح کے بحرانوں کا سامنا ہے، آج کے فیصلوں کو نوجوانوں کو بھگتنا ہوگا، ہمیں اپنی آئندہ نسلوں کی خوشحالی کے لئے کام کرنا ہے۔

پارلیمانی پارٹی کو موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا، وزیر خارجہ

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آئندہ روز سعودی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کی تصدیق کردی۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی کو ملک کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ جاپان کے وزیر خارجہ سے میری بات ہوئی ہے جبکہ چین کے خصوصی نمائندے سے بھی موجودہ صورتحال پر بات ہوئی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کا شکر گزار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور شہباز شریف سمیت اپوزیشن کے پارلیمانی رہنمائوں کو دفتر خارجہ آنے کی دعوت دیتا ہوں، اپوزیشن کی تجاویز کا خیر مقدم کریں گے۔

اس موقع پر انہوں نے دوسرے بھارتی طیارے کو تباہ کرنے والے ونگ کمانڈر نعمان کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

بلاول بھٹو کی جانب سے او آئی سی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے کو غلط قرار دینے کے بیان کا جواب دیتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ اپوزیشن کی تجویز پر کیا تھا، پارلیمنٹ کی متفقہ قرارداد میں بھی یہ تجویز شامل تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کیلئے ہم سب متحد ہیں جبکہ نوبل انعام کے معاملہ پر وزیر اعظم نے اپنے ٹوئٹ میں وضاحت کردی تھی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملک میں کالعدم تنظیمیں آج سے کام نہیں کر رہیں، یہ مسلم لیگ نواز  اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ادوار میں بھی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں مسلم لیگ ن کے دور میں شامل کیا گیا۔

حکومت سے سیاسی و معاشی پالیسیوں پر اختلاف ہے، احسن اقبال

رہنما ن لیگ احسن اقبال نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن دنیا کے سامنے صفائیاں پیش کر رہا ہے، پاکستان اپنے شاہینوں کی طرح ہواؤں کو چھو رہا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت سے سیاسی و معاشی پالیسیوں پر اختلاف ہے، سیاسی و معاشی پالیسیوں کھ حوالگ سے حکومت کا مقابلہ کریں گے۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت نے دوبارہ جارحیت کی کوشش کی تو سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہو گی۔

اجلاس کے دوران منی بجٹ کی شق وار منظوری کے دوران جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مولانا اسد محمود نے نماز مغرب کی امامت کرانا شروع کر دی۔

ان کے پیچھے خواجہ آصف اور احسن اقبال سمیت کئی اراکین نے نماز ادا کی۔ ایوان میں باجماعت نماز پڑھنے کا انوکھا واقعہ ہے۔

بعدازاں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نماز مغرب کے لیے 10 منٹ کا وقفہ کر دیا۔

اجلاس کے دوران وزیر خزانہ اسد عمر کی جانب سے پیش کیے گئے ضمنی مالیاتی بل 2019 کو قومی اسمبلی نے منظور کرلیا۔

قومی اسمبلی نے اپوزیشن کی غیر موجودگی میں بل منظور کیا۔ اپوزیشن کی تمام ترامیم مسترد کردی گئیں۔


متعلقہ خبریں