لاڑکانہ: پولیس نے لاڑکانہ کے علاقے میں تین محنت کشوں کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
اس ضمن میں ایس ایس پی مسعود بنگش نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 13 فروری کو نئودیرو بائے پاس پر قتل کیے گئے باجوڑ کے رہائشی تین محنت کشوں کے قتل میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیاہے۔
انہوں نے کہا کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار پانچ ملزمان نے رکشے میں جاتے ہوئے تین محنت کشوں کو قتل کیا تھا، گرفتار ملزمان کا مقصد دہشت پھیلانا اور لسانی فساد پیدا کرنا تھا ۔
ایس ایس پی لاڑکانہ کے مطابق چار ملزمان ہزار خان کیھر، عرفان کیھر، ساجد علی، اور عبدالقمان پولیس کی حراست میں ہیں جبکہ گرفتار ملزمان کا ایک ساتھی بادشاہ شیخ فرار ہے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
گرفتار ملزمان نے تین محنت کشوں سمیت مختلف اضلاع میں آٹھ افراد کو قتل کیا ہے جن میں سے پانچ افراد کو قتل کرنے کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کا تعلق قوم پرست تنظیم سے ہے جنہیں جیوفینسنگ اور سی سی ٹی وی کی مدد سے لاڑکانہ کے قریب سیدھو دیرو کے علاقے سے گرفتار کیا گیا ۔ملزمان کاافغانستان کے چند افراد کے ساتھ رابطوں کا بھی انکشاف ہوا ہے۔