کراچی :سپریم کورٹ نے کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ کونگرانی کی ہدایت کردی ہے ۔ سندھ حکومت اور ایس بی سی اے نے کارروائی کے لئے مہلت مانگ لی ہے ۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں شہر کو تجاوزات سے پاک اور اصل شکل میں بحال کرنے کے معاملے کی سماعت ہوئی۔عدالت نے باغ ابن قاسم سمیت شہر بھر سے تجاوزات کا ملبہ فوری ہٹانے کا حکم دے دیا
عدالت کی طرف سے حکم دیا گیاہےکہ تجاوزات گرانے اور ملبہ اٹھانے میں کوئی ادارہ مداخلت نہ کرے۔ جسٹس مشیر عالم نے ریمارکس دیئے کہ چھوٹے چھوٹے پلاٹس پر کاروباری ادارے اور ریسٹورنٹس بنادیئے گئے ہیں۔ اب گلیوں میں چلنے کی جگہ نہیں بچی۔ جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ ان کا بھی خواب ہے کہ کراچی اصل شکل میں بحال ہو اور یہاں کی رونقیں لوٹ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کو اصل حالت میں رکھنا سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی ذمہ داری تھی لیکن اس نے اپنا کام نہیں کیا۔
ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ شہر کو اصل شکل میں بحال کرنے کیلئے ماہرین کی مدد لے رہے ہیں۔اس حوالے سے یکم جنوری کو کانفرنس میں ماہرین سے رائے بھی لی گئی ہے۔ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے اپنے دلائل میں کہا کہ اگر منصوبہ بندی کے بغیر کارروائی کی گئی تو انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔اس لئے کارروائی کے لئے مہلت دی جائے۔ ایس بی سی اے نے بھی عدالت سے آپریشن کے لئے مزید آٹھ ہفتےکی مہلت طلب کرلی۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن نہیں روک سکتے، چیف جسٹس
جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ وہ چیف جسٹس سے درخواست کریں گے کہ کیس متعلقہ بینچ میں لگایا جائےاور ایجنسیوں کو کارروائی کیلئے مہلت ملے۔سماعت میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ جہاں جہاں مشکلات پیش آرہی عدالت کو آگاہ کردیا ہے۔