بھارتی حکومت اپنا غیر ذمہ دارانہ رویہ بند کرے، شاہ محمود قریشی


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے جب کہ بھارتی حکومت اپنا غیر ذمہ دارانہ رویہ بند کرے۔

وزیر خارجہ نے اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بھارتی رویے پر اقوام متحدہ کو خط لکھ دیا ہے جب کہ پاکستان معاملات کو بہتر بنانے کی بات کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں خوراک کا اضافی ذخیرہ بھیج رہا ہے جب کہ بھارت کشمیر کے مظلوم عوام کے حقوق پامال کر رہا ہے۔ حریت قیادت کو بھی کشمیر سے باہر دھکیلا جا رہا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات کرنے چاہیں لیکن بھارت نے کشمیر میں مزید فوج بھیج دی ہے۔ بھارتی حکومت کو اپنا غیر ذمہ دارانہ رویہ بند کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں

پاک بھارت کشیدگی: وزیرخارجہ کا دورہ جاپان ملتوی

انہوں نے کہا کہ پلوامہ واقعہ کے بعد درجنوں گرفتاریاں کی گئی ہیں جب کہ پورے مقبوضہ کشمیر میں خوف کی فضا پھیلی ہوئی ہے۔ حد تو یہ ہے کہ نئی دہلی میں بھی بے قصور کشمیری نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی نئی نسل میں ایک نئی حریت کی کیفیت جاگ چکی ہے جو دبنے والی نہیں ہے، لوگوں کو تو قید کیا جاسکتا ہے لیکن نظریات اور سوچ کو قید نہیں کر سکتے۔ بی جے پی سیاسی مقاصد کے لیے جنون پھیلانا بند کرے۔

انہوں ںے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور امن کا خواہاں ہے جب کہ بھارتی حکومت تدبر سے کام لے امن کو داؤ پر نہ لگائے۔ جے پور جیل میں پاکستانی قیدی کوشہید کر دیا گیا لیکن جے پورجیل کی پولیس تماشائی بنی رہی۔


متعلقہ خبریں