عوام نے ہمیشہ تبدیلی کے لیے ووٹ دیا اور دھوکا کھایا، سراج الحق


اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام نے ہمیشہ تبدیلی کے لیے ووٹ دیا اور ہمیشہ ہی دھوکا کھایا۔

سراج الحق نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے جن 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا اعلان کیا تھا وہ ابھی تک فضا میں ہی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف نے تبدیلی کے نام پر ووٹ لیا لیکن چھ ماہ میں کچھ بھی نہ کر سکی۔

انہوں ںے کہا کہ موجودہ حکومت بھی گزشتہ حکومتوں کا تسلسل ہے۔ یہاں ایک کروڑ لوگوں کو روزگار اور 50 لاکھ لوگوں کو گھر دینے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن یہاں لوگوں کو بے روگاری ملی اور روپے کی بے قدری ہوئی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اب بھی موقع دینے کی بات کی جارہی ہے کہ ہم سیکھ رہے ہیں۔ ملک میں پڑھے لکھے لوگ ڈگریاں جلانے پر مجبور ہیں جب کہ سیاسی جماعتیں آپس میں دست و گریباں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں مفادات اور ذاتیات کی لڑائی جاری ہے جب کہ اسمبلی اجلاسوں پر کروڑوں روپے خرچ ہو رہے ہیں لیکن کوئی قانون سازی نہیں ہو رہی۔ آئندہ بھی موجود ہ حکومت سے کسی تبدیلی کی توقع نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں

یہ توقع نہیں تھی کہ حکومت اتنی جلدی غیر مقبول ہو جائے گی، سراج الحق

سراج الحق نے کہا کہ حکومت کا فرض تھا موجودہ حالات میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اور کُل جماعتی کانفرنس بلائی جاتی۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی مصنوعی گردوغبار اڑا رہا ہے جو بری طرح سے ناکام ہوا۔

انہوں نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف کی سیاست کا باب بند ہو چکا ہے اور وہ ملک سے باہر بیٹھ کر ملک دشمنی نہ کریں۔ ملک میں ایک طبقہ ایسا ہے جو اسرائیل کے ساتھ تعلقات چاہتا ہے جب کہ پاکستانی شہری کو اسرائیل جانے کی اجازت دے کر غلط کیا گیا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ تمام قومی ادارے اس وقت خسارے میں ہیں اور گرداب میں پھنسی قوم کو نکالنے کے لیےے باصلاحیت قیادت کی ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی یکم مارچ سے 31 مارچ تک کراچی سے چترال تک عوامی رابطہ مہم شروع کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام میں ہے اور ہم پر امن اسلامی انقلاب پر یقین رکھتے ہیں جب کہ مسائل کا حل اسلامی نظام میں ہے۔


متعلقہ خبریں