پرویزخٹک اور مشتاق غنی کے خلاف ایک اور کیس میں تحقیقات کا آغاز


پشاور: قومی احتساب بیورو خیبرپختونخوا نے وزیردفاع پرویزخٹک کے خلاف ہری پور پاک آسڑیاانسٹی ٹیوٹ کی تقرریوں میں بے قاعدگیوں کے الزام کی تحقیقات کا آغازکردیا ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق  نیب نے پرویزخٹک کے خلاف ہری پور پاک آسڑیاانسٹی ٹیوٹ کی تقرریوں میں بے قاعدگیوں کے الزام پر باقاعدہ تحقیقات شروع کررکھی ہیں، اسی کیس میں اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی اور سابق چیف سیکرٹری امجد علی کے خلاف بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

نیب ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد تینوں افراد کو سوالوں کے جواب دینے کے لیے نیب کی جانب سے طلب کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعلی پرویزخٹک کے خلاف مالم جبہ اراضی اسکینڈل کی تحقیقات بھی جاری ہیں، اسی سلسلے میں وہ گزشتہ سال اپریل میں نیب کے سامنے پیش ہوکراپنا بیان بھی ریکارڈ کراچکے ہیں۔

پرویزخٹک کے دور حکومت میں خیبرپختونخوا حکومت پر مالم جبہ میں 275 ایکٹر اراضی غیر قانونی طور پرلیزپردینے کا الزام ہے، نیب کے مطابق کے پی فاریسٹ آرڈیننس 2002ء کے تحت جنگلات کی زمین کسی اور استعمال میں نہیں لائی جاسکتی۔

سابق وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویزخٹک ہیلی کاپٹر کیس میں بھی نیب کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کراچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں